کراچی :جرگے کے حکم پر پسن کی شادی کرنیوالا جوڑا قتل 6ملزم گرفتار
کراچی(کرائم رپورٹر) میٹرو پولیٹن سٹی کراچی قبائلی علاقہ بن گیا‘ جرگے نے پسند کی شادی کرنے والے میاں بیوی کوسزائے موت سنا دی جس پر دونوں کو قتل کرکے نعشیں دفنا دی گئیں۔ دلخراش واقعے کے انکشاف پر پولیس حرکت میں آگئی اور جرگے میں شامل 6 افراد کو گرفتار کرلیا جن میں مقتول لڑکی عرفانہ کا سگا بھائی سعیدنواز اور ماموں لال قادر بھی شامل ہیں۔ مقتولہ عرفانہ اوراس کا شوہر مقتول عصمت اللہ کوہاٹ کے رہنے والے تھے دونوں نے ایک سال قبل پسند کی شادی کی تھی ا ور کراچی میں بنارس کے علاقے میں رہ رہے تھے دو روز قبل عرفانہ کے ماموں لال قادر اور بھائی سعید نواز نے بات چیت کے بہانے دونوں میاں بیوی کوشاہ لطیف ٹائون بلایا اور جرگے کے سامنے پیش کرکے ا ن کی موت کا فیصلہ صادر کردیا‘ جس کے بعد عرفانہ اور عصمت اللہ کو گلا گھونٹ کر ہلاک کیا گیا اور ان کی نعشیں خاموشی سے شاہ لطیف ٹائون کے قبرستان میں دفنا دیں‘ تاہم جرگے کی کارروائی کے بارے میں معلوم ہونے پر پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے جرگہ منعقد کرنے والے لڑکی کے ماموں لال قادر اور بھائی سعید نواز سمیت 6 ملزموں کو گرفتارکرلیا شاہ لطیف ٹائون تھانے کے انچارج راجہ ظفر عباس کے مطابق دیگر گرفتارملزمان میں عمر‘ سرفرازا ور شوکت شامل ہیں‘ جبکہ دو ملزموں نظام اور ارشد کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جارہے ہیں‘ ملزموں کے خلاف اغواء اور قتل کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ قانونی تقاضے پورے کرنے کے لئے قبر کشائی کرکے دونوں مقتولین عصمت اور عرفانہ کی نعشوں کا پوسٹمارٹم بھی کرایا جائے گا۔ دوسری طرف اس واقع کے بارے میں آئی جی پولیس نے بھی رپورٹ طلب کرلی ہے۔