• news

وزیراعظم کیخلاف نااہلی ریفرنس مستردکرنے پر ہائیکورٹ نے سپیکر الیکشن کمشن سے جواب مانگ لیا

لاہور(وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائی کورٹ نے سپیکر قومی اسمبلی اور الیکشن کمیشن کی جانب سے وزیراعظم کے خلاف نااہلی کا ریفرنس مسترد کرنے کے خلاف دائر تحریک انصاف کی درخواست پر نوٹس جاری کرتے ہوئے یکم نومبر تک جواب طلب کر لیا ہے۔لاہور ہائی کورٹ نے جہانگیر ترین کی درخواست پر سماعت کی، جس میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ سپیکرقومی اسمبلی اور الیکشن کمیشن نے وزیراعظم کے خلاف نااہلی کا ریفرنس بدنیتی کی بنیاد پر مسترد کیا، سپیکر قومی اسمبلی کا فیصلہ کالعدم قرار دیا جائے۔ دوسری جانب لاہور ہائیکورٹ نے وزیر اعظم کی نااہلی کیلئے دائر درخواست میں وفاقی حکومت، سپیکر قومی اسمبلی اور عدالتی معاونین سے سپیکر کے کردار اور اختیارت پر چودہ نومبر کو بحث مکمل کرنے کا حکم دیدیا۔چیف جسٹس سید منصور علی شاہ نے سابق چیف جسٹس پاکستان افتخار محمد چودھری کی سیاسی جماعت کے رکن سردار عمر کی درخواست پر سماعت کی، عدالتی معاون نے موقف اختیار کیا کہ ابھی سپیکر کی صوابدید کے استعمال کا سوال طے ہونا باقی ہے، سپریم کورٹ کے یوسف رضا گیلانی والے فیصلے میں عدالت نے معاملہ سپیکر کو بھجواتے وقت آبزرویشن دیدی تھی لیکن اس کیس میں لاہور ہائیکورٹ کی طرف سے آبزرویشن دینے کا مرحلہ آنا ابھی باقی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن