.تحریک انصاف لائرز ونگ نے اصغر خان کیس کے فیصلے پر عملدرآمد کیلئے درخواست دائر کر دی
لاہور (وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ میں تحریک انصاف کے لائرز ونگ نے اصغر خان کیس کے فیصلے پر عملدرآمد کیلئے درخواست دائر کر دی۔ تحریک انصاف لائرز ونگ کے مرکزی رہنما فیاض مہر ایڈووکیٹ کی درخواست میں کہا گیا ہے کہ سپریم کورٹ نے 2012ء میں اصغر خان کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے ایف آئی اے کو حکم دیا کہ 1990ء کے انتخابات کے دوران سیاستدانوں میں 140 ملین روپے کی بندر بانٹ کی انکوائری کی جائے اور ملوث سیاستدانوں کیخلاف کارروائی کی جائے۔ وزیر اعظم نواز شریف پر بھی 1990ء میں پیپلز پارٹی کی حکومت گرانے کیلئے لاکھوں روپے وصول کرنے کا الزام ہے۔ سپریم کورٹ کے فیصلے کو چار برس گزر چکے ہیں لیکن وفاقی حکومت اور ایف آئی اے خاموش تماشائی کا کردار ادا کر رہے ہیں درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ ایف آئی اے کو سپریم کورٹ کے فیصلے کے مطابق پیپلز پارٹی کی حکومت گرانے میں ملوث وزیر اعظم نواز شریف سمیت دیگر سیاستدانوں کیخلاف کارروائی کا حکم دیا جائے۔