شربت گلہ کی جلد رہائی کیلئے ہر ممکن اقدامات کر رہے ہیں: افغان سفیر
کابل / اسلام آباد (آئی این پی) افغانستان نے افغان خاتون شربت گلہ کی گرفتاری پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے معاملہ پاکستانی حکومت کے ساتھ اٹھانے کا فیصلہ کیا ہے۔ پاکستان میں افغان سفیر ڈاکٹر عمر زخیلوال کا کہنا ہے کہ شربت گلہ کی رہائی کیلئے ہرممکن اقدامات کررہے ہیں، جلد اسے پاکستان کی جیل سے جلد رہا کردیا جائے گا۔ افغان خبررساں ادارے ’’خاما پریس ‘‘ کے مطابق افغان سفیر عمر زاخیلول کا کہنا ہے کہ افغان سفارت خانے کو اب تک شربت گلہ کی گرفتاری اور اسکے خاندان کے بارے میں مطلع نہیں کیا گیا ہے ۔ افغان سفارتخانہ معلوم کررہا ہے کہ شربت گلہ کو گرفتار کرکے کہاں رکھا گیا ہے جلد رہائی کیلئے ہرممکن اقدامات کررہے ہیں۔ پشاور میں افغان قونصلیٹ کے ایک عہدیدار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ افغان حکومت اس معاملے پر پاکستانی عدالت سے رجوع کرے گی شربت گلہ کو وکیل اور قانونی معاونت بھی فراہم کی جائے گی۔ شربت گلہ ایک افغان شہری ہے اسلام آباد ہمارا سفارت خانہ جلد از جلد رہائی کے لیے معاملے کو پاکستانی دفتر خارجہ کے سامنے اٹھائے گا۔ یاد رہے کہ ایف آئی اے نے جعلی شناختی کارڈ بنانے پر عالمی شہرت یافتہ افغان خاتون شربت گلہ کو پشاور سے گرفتار کیا تھا۔ ایف آئی اے ذرائع کے مطابق شربت گلہ کو جعلسازی کے الزامات کے تحت گرفتار کیا گیا اور ان پر پاکستان پینل کوڈ کی دفعات 419 اور 420 اور انسداد کرپشن کی دفعہ 5 (2) کے تحت الزامات عائد کیے گئے۔