سانخہ کوئٹہ: دہشتگردی کیخلاف پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرتے رہیں گے:سعودی عرب
ریاض(این این آئی)سعودی عرب نے کوئٹہ میں پولیس ٹریننگ کالج پر دہشت گردوں کے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ نہتے پولیس اہلکاروں کے وحشیانہ قتل کے واقعے پرسعودی عرب کی حکومت اور پوری قوم پاکستانی عوام کے ساتھ ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق سعودی عرب کی وزارت خارجہ کے ایک عہدیدار نے کہا کہ کوئٹہ میں پولیس ٹریننگ کالج پر دہشت گردوں کا حملہ وحشیانہ اور غیرانسانی فعل ہے جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ نہتے پولیس اہلکاروں کے وحشیانہ قتل کے واقعے پرسعودی عرب کی حکومت اور پوری قوم پاکستانی قوم کے ساتھ ہے۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سعودی عرب اور پاکستان مل کر کام کرتے رہیں گے۔ سعودی وزارت خارجہ نے کوئٹہ میں دہشت گردی کے واقعے میں جاں بحق ہونے والے پولیس کیڈٹس کے لواحقین کے ساتھ گہری ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے شہداء کے ورثاء سے تعزیت کی۔