.جسٹس شوکت عزیز عرفان صدیقی کے قریبی رشتہ دار، انہیں کیس سننا نہیں چاہئے تھا : شاہ محمود
اسلام آباد(صباح نیوز)پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ ہائی کورٹ نے کیسے تصور کر لیا کہ پی ٹی آئی اسلام آباد بند کرنے جا رہی ہے۔اسلام آباد ہائی کورٹ کی جانب سے حکومت اور تحریک انصاف کو شہر بند کرنے سے روکنے سے متعلق فیصلیپر اپنے ردعمل میں شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ اسلام آباد بند کرنے کا فیصلہ حکومتی مفروضوں پر مشتمل ہے، ہم نے اسلام آباد بند کرنے کے لئے کسی قسم کے اقدامات نہیں کئے جبکہ حکومت نے پنجاب پولیس کی بھاری نفری کو طلب کر لیا ہے اور ربڑ کی گولیاں بھی جمع کرنے کی اطلاعات ہیں۔شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ جسٹس شوکت عزیز صدیقی وزیراعظم نواز شریف کے مشیر عرفان صدیقی کے قریبی رشتہ دار ہیں اس لئے انہیں تو یہ کیس سننا ہی نہیں چاہئے تھا کیونکہ یہ عدالتی روایات کے برخلاف ہے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف 2نومبر کو اپنا احتجاج کرے گی جو ہمارا جمہوری حق ہے اور پی ٹی آئی ہمیشہ سے ہی پر امن رہی ہے۔