پی ٹی آئی کے ہر فیصلے کی حمایت نہیں کرتے‘ دھرنے میں اپنی شرائط پر حصہ لیں گے: طاہر القادری
لاہور (خصوصی نامہ نگار+نوائے وقت رپورٹ) طاہرالقادری نے کہا کہ اسلام آباد دھرنے میں شریک ہونگے لیکن پی ٹی آئی کی ہر بات کی حمایت نہیں کریں گے اپنی شرائط پر دھرنے میں حصہ لیں گے۔ قبل ازیں تحر یک انصاف اور عوامی تحر یک نے 2نومبر کے بھر احتجاج میں شر کت کیلئے تمام معاملات پر اتفاق کر لیا جبکہ عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری کی شمولیت کا فیصلہ آج کیا جائیگا۔ تحریک انصاف کے وفد نے چوہدری محمد سرور کی قیادت میں عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نوازگنڈا پور سے ملاقات کی اس موقع پر اپوزیشن لیڈر میاں محمودالرشید ‘سابق صدر تحر یک انصاف پنجاب اعجاز احمد چوہدری اور عوامی تحر یک پنجاب کے صدر بشارت جسپال اور مر کزی سیکرٹری اطلا عات نوراللہ صدیقی موجود تھے۔ ملاقات کے دوران تحر یک انصاف نے عوامی تحر یک کو 2نومبر کے احتجاج کے مقامات سمیت دیگر معاملات کے حوالے سے آگاہ کر دیا۔ احتجاج میں شرکت کے معاملات کو حتمی شکل دیدی گئی۔ ملاقات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس میں چوہدری محمد سرور نے کہا کہ میں سب سے پہلے سانحہ کوئٹہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے ملزموں کی گر فتاری کا مطالبہ کرتا ہوں۔ پانامہ لیکس کے حوالے سے ایک ایسے معاشرے کیلئے جد وجد کررہے ہیں جہاں آئین وقانون کی حکمرانی ہو سکے۔ ایک سوال کے جواب میں چوہدری محمدسرور نے کہا ہے کہ پُرامن احتجاج ہمارا آئینی وقانونی حق ہے حکومت کو کسی قسم کی گر فتاریاں نہیں کرنی چاہیئں۔ ا س کا ردعمل بھی آئیگا۔ خرم نواز گنڈا پور نے کہا کہ تحریک انصاف کے 2 نومبر کے احتجاج میں شرکت کیلئے ڈاکٹر طاہر القادری نے عوامی تحریک کی شرکت کی باقاعدہ منظور دیدی ہے اور ہم اس میں بھر پور شر کت کر یں گے، ڈاکٹر طاہر القادری کی شمولیت کا فیصلہ بھی انشاء اللہ آج ہو جائیگا اور وہ24گھنٹوں میں پاکستان پہنچ سکتے ہیں۔