گاڑیوں کی پکڑ دھکڑ کیخلاف گڈز ٹرانسپورٹرز نے آج احتجاج کا اعلان کر دیا
لاہور+قلعہ دیدار سنگھ (اپنے نامہ نگار سے+نامہ نگار) پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن نے پنجاب حکومت کی جانب سے گاڑیوں کی پکڑ دھکڑ کیخلاف آج 28 اکتوبر احتجاج کا اعلان کر دیا ہے اور اگلے مرحلے میں لاہور کو بند کرنے کی دھمکی بھی دے دی ہے۔ پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن کے ترجمان مرزا ارشد بیگ نے بتایا کہ اگر ہمارے مطالبات نہ مانے گئے تو اگلے مرحلے میں ہم لاہور کو بند کر دیں گے۔ ہمارے ٹرکوں اور کنٹینرز کو سامان سمیت قبضے میں لیا جا رہا ہے جس کی وجہ سے قیمتی سامان خراب ہو جاتا ہے اور ہمیں 10 ہزار روپے یومیہ غیر ملکی شپمنٹ کمپنی کو جرمانہ ادا کرنا پڑتا ہے۔احتجاج آج دوپہر سبزی منڈی کے قریب لنک راوی روڈ پر کیا جائے گا۔ احتجاج میں کراچی، گوجرانوالہ، فیصل آباد، ملتان سمیت متعدد شہروں سے ٹرانسپورٹرز شرکت کریں گے۔پنجاب گڈز ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن کے مرکزی صدر ذوالفقار چودھری نے کہا کہ غیر ملکی کمپنی کنٹینر لیٹ ہونے پر 100 ڈالر روزانہ کے حساب سے جرمانہ وصول کرتے ہیں انہوں نے کہا کہ ہم احتجاج نہیں کریں گے اگر ہمیں بتا کر ہم سے گاڑیاں لی جائیں اور ہمیں اسکا کرایہ بر وقت ادا کیا جائے۔قلعہ دیدار سنگھ سے نامہ نگار کے مطابق دو نومبر کے تحریک انصاف کے اسلام آباد دھرنے کے پیش نظر ٹرانسپورٹر نے گاڑیوں کی پکڑ دھکڑ کے ڈر سے اپنی گاڑیاں کھڑی کردیں، مسافروں کو مشکلات کا سامنا۔پولیس کی طرف سے مسافر گاڑیوں کی پکڑ دھکڑ کے ڈر سے ٹرانسپورٹر نے اپنی گاڑیاں کئی دن پہلے کھڑی کردی ہیں۔
گڈز ٹرانسپورٹرز اعلان