دہشتگرد اور پی ٹی آئی دونوں کا ایجنڈا پاکستانی سالمیت کو نقصان پہنچانا ہے: ساجد میر
مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان نے اسلام آباد بند کرنے کے اعلان کو ملکی سلامتی کے خلاف عالمی سازش قرار دے دیا اور کہا ہے کہ ایک طرف دہشت گرد اور دوسری طرف پی ٹی آئی دونوں کا ایجنڈا پاکستان کی سالمیت کو نقصان پہچانا ہے۔ پانامہ لیکس کا معاملہ عدالت میں ہے اسے موقع دیا جائے۔دھرنا اور احتجاج فیصلے پر اثرانداز ہونے کی کوشش ہے۔ اس امر کا اظہار مرکزی امیر سینیٹر پروفیسر ساجد میر نے جمعرات کے روز مرکزی دفتر 106راوی روڈ میں پارٹی کی مرکزی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان اور طاہرالقادری دونوں عوام اور حکومت کیلئے مشکلات پیدا کر رہے ہیں۔ پہلے بھی انکا احتجاج اور دھرنے ناکام رہے اب بھی انہیں ناکامی کا منہ دیکھنا پڑے گا۔انہوں نے کہا کہ کینیڈن شہری ہونے کے ناطے طاہرالقادری کے مفادات پاکستان سے زیادہ کینیڈا سے وابستہ ہیں۔ عوام کو آئے روز سڑکوں پر لانے اور شہروں کو بند کرنے کی دھمکیاں مضحکہ خیز اور حب الوطنی کے تقاضوں کے منافی ہیں۔ اجلاس میں کوئٹہ میں پولیس ٹریننگ سنٹر میں دہشت گرد ی کے واقعہ کے خلاف مذمتی قرار داد منظور کی گئی،پولیس اور سیکورٹی فورسز کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔ اجلاس میں اہل حدیث یوتھ فورس کے صدر ذاکر الرحمن صدیقی کو پارٹی ڈسپلن کی خلاف وزری پر معطل کرکے نائب صدر عبدالوحید بٹ کو قائمقام صدر نامز د کیا گیا۔ اجلاس میں میں مرکزی ناظم اعلی ڈاکٹر حافظ عبدالکریم، حاجی عبدالرزاق،مولانا عبدالعلیم یزدانی، مولانا محمد نعیم بٹ، ڈاکٹر محمد حماد لکھوی،حاجی نذیر انصاری، مولانا عبدالباسط شیخوپوری، رانا خلیق خاں پسروری،آصف مجید، طاہر شیخ، حافظ عبدالستار حامد، حافظ عبدالحمید جہلمی، رانا نصراللہ خاں، امتیاز مجاہد، پروفیسر عبدالرحمن لدھیانوی،حافظ عثمان شاکر، مولانا محمد سلیمان، فیصل افضل شیخ سمیت دیگر نے شرکت کی۔
ساجد میر