جوہری تجربات پر پابندی کا جامع معاہدہ ، پاکستان نے قرارداد کے حق میں ووٹ دیا
نیویارک (آن لائن) پاکستان نے اقوامِ متحدہ میں پیش کی جانے والی جوہری تجربات پر پابندی کے جامع معاہدے (سی ٹی بی ٹی) کی قرارداد کی تجدید کی حمایت میں ووٹ دیا ہے۔ یہ قرارداد جمعرات کو نیویارک میں 183 ووٹوں کے ساتھ منظور کی گئی۔انڈیا اور تین دیگر ملکوں نے اس قرارداد پر ووٹنگ سے اجتناب کیا جبکہ شمالی کوریا واحد ملک تھا جس نے اس قرارداد کے خلاف ووٹ ڈالا۔دوسری جانب جوہری ہتھیاروں پر پابندی کے خلاف پیش کی جانے والی قرارداد 38 کے مقابلے میں 123 ووٹوں سے منظور کر لی گئی لیکن سکیورٹی کونسل کے پانچ مستقل اراکین میں سے چار امریکہ، برطانیہ، فرانس اور روس نے اس کے خلاف ووٹ دیا جبکہ چین نے ووٹ نہیں ڈالا۔پاکستان اور انڈیا نے بھی اس قرارداد کے بارے میں ووٹنگ سے اجتناب کیا۔سی ٹی بی ٹی کی قرارداد پہلی بار 1996 میں اقوامِ متحدہ میں پیش ہوئی تھی اور پاکستان نے اْس وقت سے لے کر آج تک ہر دفعہ اِس قرارداد کے حق میں ووٹ دیا ہے۔اس معاہدے کو قابلِ عمل بنانے کے لیے آٹھ اینیکس-دوئم ممالک (امریکہ، چین، مصر، اسرایئل، ایران، پاکستان، انڈیا اور شمالی کوریا) کے دستخط اور توثیق دونوں درکار ہیں جن میں سے پانچ ممالک کو ابھی توثیق کرنا باقی ہے جبکہ پاکستان، انڈیا اور شمالی کوریا نے ابھی تک دستخط نہیں کیے۔پاکستان کا کہنا ہے کے وہ انڈیا کے دستخط کرنے تک اس معاہدے کی توثیق سے گریز کرے گا۔رواں سال اگست میں پاکستان نے بھارت کہ دو طرفہ جوہری تجربات پر پابندی کے معاہدے پر دستخط کرنے کی تجویز دی تھی جو کہ منظور نہیں کی گئی۔