عد التی فیصلے پر عمل ہو گا‘ وکلا تحریک انصاف: آپ کردار کشی کرتے ہیں‘ اسلام آباد ہائیکورٹ
اسلام آباد (وقائع نگار) ا سلام آباد ہائیکورٹ نے حکومت کو پی ٹی آئی کارکنوں کی پکڑ دھکڑ سے روکنے کا حکم جاری کر تے ہوئے گرفتار کارکنوں کی فہرستیں طلب کرلی ہیں عدالت عالیہ نے انتظامیہ کو شہر میں کنٹینر نہ لگانے کا بھی حکم دیا ہے جبکہ پی ٹی آئی کے وکیل نے اسلام آباد بندش کے خلاف عدالت عالیہ کا حکم من و عن تسلیم کرنے کا بیان عدالت میں ریکارڈ کروا دیا ہے۔ پی ٹی آئی کے وکلا نے بتایا کہ انتطامیہ نے عدالت جمعرات کو حکم کی خلاف ورزی کرتے ہوئے نہ کنٹیرز لگاکر رکاوٹیں کھڑی کی ہیں بلکہ پی ٹی آئی کے کارکنوں کو بھی گرفتار کرلیا ہے جس پر جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے کہا کہ عدالت کو اپنے حکم پرعمل درآمد کرانا آتا ہے آپ یہ بتائیں کہ آپ عدالتی حکم پرعمل درآمد کریں گے جس پرپی ٹی آئی کے وکیل نے کہا کہ ان کی جماعت عدالتی فیصلے پر من و عن عمل درآمد کرے گی جسٹس شوکت نے کہا کہ نہ کوئی غیر قانونی گرفتاری ہوگی نہ ہی کنٹینرز لگیں گے۔ آپ عدالتوں کی بھی کردار کشی کرتے ہیںجسٹس شوکت عزیز صدیقی نے استفسار کیا کہ آپ پرامن احتجاج کریں گے یا کہ اسلام آباد بند کریں گے آپ تو عدالتو ں کو بھی موردالزام ٹھہر ا دیتے ہیں۔ وفاق کی جانب سے ڈپٹی اٹارنی جنرل ارشد محمود کیانی پیش ہوئے اور عدالتی فیصلے پر عمل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ عدالت نے ضلعی انتظامیہ کو پی ٹی آئی کارکنان کی پکڑ دھکڑ سے روک دیا جس پر ڈپٹی اٹارنی جنرل نے کہا کہ عدالت سب کے لیے حکم جاری نہ کرے بلکہ یہ حکم صرف پٹیشنرز کی حد تک کریں عدالت نے کہا کہ انتظامیہ قانون توڑنے والوں کے خلاف کاروائی کرسکتی ہے لیکن پرامن احتجاج کرنے والوں کو نہ چھیڑا جائے۔ عدالت نے تحریری فیصلے میں قرار دیا ہے کہ تحریک انصاف کے وکیل نے پارٹی کی طرف سے ریکارڈ کرائے گئے بیان میں یقین دہانی کرائی ہے کہ عدالت عالیہ کے 27اکتوبر کے فیصلے پر من و عن عمل کیا جائے گا اور تحریک انصاف مقررہ جگہ پریڈ گراونڈ پر احتجاج کرے گی۔ انتظامیہ شہریوں کی نقل و حمل روکنے کے لیے کنٹینرز نہیں لگائے گی۔ اسلام آباد ضلعی انتظامیہ قانون کے دائرے میں رہے اور تحریک انصاف کے پرامن کارکنوں کو ہراساں نہ کیا جائے۔ قانون توڑنے والوں کیخلاف انتظامیہ ضابطے کے تحت کارروائی کرے۔