اسلام آباد: معمولات زندگی کو بحال رکھا جائے، وزیر اعظم کی نثار کو ہدایت: تکلیف دینے والوں کیخلاف قانون حرکت میں آئیگا: ملاقات میں اتفاق
اسلام آباد( نوائے وقت رپورٹ+ایجنسیاں) وزیر اعظم نواز شریف سے وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان نے ملاقات تحریک انصاف کے احتجاج اور جڑواں شہروں میں سکیورٹی انتظامات پر بریفنگ دی ، وزیراعظم اور وزیرداخلہ نے اتفاق کیا کہ احتجاج کے نام پر شہریوں کے حقوق سلب کرنے اور دارالحکومت کو سیل کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی، شہریوں کو تکلیف میں ڈالنے والوں کے خلاف قانون حرکت میں آئے گا ۔ وزیر داخلہ نے جڑواں شہروں میں سکیورٹی صورتحال اورتحریک انصاف کے احتجاج پر بریفنگ دی۔ وزیرداخلہ نے کہا کہ اسلام آباد اور راولپنڈی کے حالات قابو میں ہیں ، جڑواں شہروں میں تمام سکیورٹی کے انتظامات قانون کے مطابق کئے گئے ہیں ۔ملاقات میں اتفاق کیا گیا کہ احتجاج کے نام پر شہریوں کے حقوق سلب کرنے اور دارالحکومت کو سیل کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی ،شہریوں کو تکلیف میں ڈالنے والوں کے خلاف قانون حرکت میں آئیگا۔ ملاقات میں ملکی سلامتی کی صورتحال ، تحریک انصاف کے احتجاج، دو نومبر کے دھرنے سے نمٹنے کی حکمت عملی، اسلام آباد شہر کی سکیورٹی سے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ ہر صورت یقینی بنایا جائے شہر میں معمولات زندگی کو بحال رکھا جائے۔