کوہاٹ: وزیراعظم کی تقریر کے بعد مسلم لیگ ن‘ پی ٹی آئی کے کارکنوں میں تصادم‘ متعدد زخمی
کوہاٹ (نیٹ نیوز+ایجنسیاں) وزیراعظم نواز شریف کے کوہاٹ میں جلسہ عام کے بعد مسلم لیگ ن اور تحریک انصاف کے کارکنوں کے درمیان تصادم ہو گیا۔ پولیس نے کارکنوں میں تصادم کے بعد انہیں منشتر کرنے کے لیے آنسو گیس پھینکی اور لاٹھی چارج کیا۔ بی بی سی کے مطابق نواز شریف کے جلسے کے بعد کوہاٹ میں مسلم لیگ ن اور پاکستان تحریک انصاف کے کارکن آمنے سامنے آگئے ایک دوسرے پر پتھراؤ کیا جس سے متعدد کارکن زخمی ہو گئے۔ آن لائن کے مطابق جلسہ گاہ کے باہر پشاور چوک پر تحریک انصاف کی جانب سے احتجاج کے دوران مسلم لیگ ن کے کارکنوں کے ساتھ شدید تصادم ہوا، پتھراؤ اور جلائوگھیرائو کیا گیا جس سے متعدد افراد زخمی ہو گئے جن میں صحافی اور پولیس اہلکار بھی شامل ہیں پولیس تصادم کو کنٹرول کرنے میں مکمل طور پر بے بس نظر آئی۔ جلاؤ گھیراؤ کا سلسلہ اس وقت شروع ہوا جب وزیر اعظم نواز شریف جلسہ گاہ تشریف لائے وزیر اعظم کا خطاب شروع ہوتے ہی تحریک انصاف کے کارکنوں نے ایم این اے شہریار آفریدی، سینیٹر شبلی فراز اور ایم پی اے ضیاء اللہ بنگش کی قیادت میں شدید احتجاج کرتے ہوئے وزیر اعظم کے خلاف نعرے بازی کی اس دوران مسلم لیگ ن کے کارکن بھی طیش میں آگئے اور دونوں جانب سے پتھراؤ کا سلسلہ شروع ہوا جس سے دونوں جانب سے متعدد افراد زخمی ہوئے زخمی ہونے والوں میں صحافی اور پولیس اہلکار شامل ہیں۔ پی ٹی آئی کے کارکنوں نے پشاور چوک پر آگ لگا کر مسلم لیگ ن کے جھنڈے بھی نظر آتش کیے جس کے بعد دونوں جانب سے پتھراؤ کیا گیا اس دوران پولیس مکمل بے بس نظر آئی، دونوں پارٹیوں کے کارکن آزادانہ طور پر ہنگامہ آرائی کرتے رہے۔