• news

بزرگ پنشنرز کی مشکلات‘ چیف جسٹس کا ازخود نوٹس‘ متعلقہ حکام کو نوٹس جاری

اسلام آباد(نمائندہ نوائے وقت)چیف جسٹس آف پاکستان مسٹر جسٹس انور ظہیر جمالی نے ملک بھر میں برزگ پنشنروں کو پینشن کے حصول میں درپیش مشکلات کے حوالے سے ازخود نوٹس لیتے ہوئے وفاقی و صوبائی لاء آفسران اور اکائونٹنٹ جنرلز کو نوٹس جارکردیئے ہیں ،چیف جسٹس نے ازخود نوٹس سپریم کورٹ کے جج جسٹس امیر حانی مسلم کے لکھے گئے نوٹ پر لیا ہے۔جبکہ کیس کی سماعت 14نومبر کو مقرر کرنے کا حکم جاری کیا ہے۔ جسٹس امیر ہانی مسلم کے نوٹ کے مطابق محمد اسماعیل میمن کے کیس میں پنشنروں کو بروقت پنشن کی ادائیگی کے حوالے سے واضح ہدایات کے باوجود مختلف وفاقی اور صوبائی محکمے پنشن کی ادائیگی کے حوالے سے عدالتی حکم پر جان بوجھ کر عمل درآمد کرنے سے گریزاں ہیں۔ جسٹس امیر ہانی مسلم نے اپنے نوٹ میں سپریم کورٹ کے ہیومن رائٹس سیل کو موصول ہونے والی مختلف وفاقی اور صوبائی محکموں، صوبائی اکائونٹنٹ جنرل ریونیو اور اے جی پی آر کے خلاف درخواستوں کا بھی ذکر کیا ہے جس میں پنشنروں کو پنشن اور دیگر مراعات ادا نہ کرنے کی شکایات کی گئی ہیں۔ ان درخواستوں کے مطابق اے جے پی آر کے مختلف شعبے اور اکائونٹنٹ جنرل کے دفاتر پنشنروں کو مراعات دینے سے انکاری ہوتے ہیں۔ پنشنروں یا پنشن لینے کے لئے آنے والی بیوائوں کی درخواستوں پر اکائونٹنٹ جنرل کے دفاتر میں مختلف اعتراضات لگائے جاتے ہیں۔ نوٹ کے مطابق پنشنروں کو اپنے حقوق کی عدم ادائیگی کے ذمہ دار نہ صرف اکائونٹنٹ جنرل اور متذکرہ بالا ادارے ہیں بلکہ پنشنرز کے محکمے بھی اس میں برابر کے ذمہ دار ہیں جو پنشن پر جانے والے افراد کا بروقت نوٹیفیکیشن جاری نہیں۔

ای پیپر-دی نیشن