• news

جہلم‘ زہریلی شراب پینے سے 16 افراد ہلاک‘ 15 کی حالت غیر

جہلم (نامہ نگار+ آئی این پی) جہلم میں زہریلی شراب پینے سے 16 افراد دم توڑ گئے۔ تفصیلات کے مطابق کرسچیئن کالونی میں گزشتہ رات شادی میں شریک مسیحی افراد اور دیگر علاقوں کے لوگوں نے کپی مافیا سے زہریلی شراب خرید کر پی جس کے بعد انکی حالت غیر ہو گئی اور ان میں کچھ افراد جنہیں حالت انتہائی خراب ہونے پرراولپنڈی منتقل کیا گیا تھا وہاں کے ہسپتالوں جبکہ باقی جہلم اور اردگرد کے ہسپتالوں اور کلینکوں میں دم توڑ گئے۔ مرنیوالوں میں 7 مسیحی تھے 15 دیگرافراد کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔ ادھر ٹی وی چینلز پر خبر چلنے پر پولیس 15 گھنٹے بعد حرکت میں آ گئی اور پوسٹمارٹم کے لئے چرچز اور جنازگاہ کے باہر سے نعشیں تحویل میں لے لیں اور ہسپتال منتقل کر دیں مرنیوالوں میں عمران ولد جارج بھٹی، پرویز ولد صادق، نقاش خالد ولد پرویز گل، آصف ولد منیر مسیح، اکرام جادہ، ذیشان ولد مظفر سیموئل مسیح اور بشیر تاج کی شناخت ہوئی ہے۔ مرنیوالوں کے ورثاء نے بتایا کہ کرسچیئن کالونی میں پولیس ملازمین سرعام شراب سمیت دیگر منشیات کا دھندہ کراتے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن