سیاستدانوں کے باہمی جھگڑوں سے کشمیریوں کو جدوجہد آزدی کو نقصان پہنچ رہا ہے: حافظ سعید
لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعةالدعوة پروفیسر حافظ محمد سعید نے کہا ہے کہ سیاستدانوں کے باہمی لڑائی جھگڑوں سے کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کو نقصان پہنچ رہا ہے، بیرونی قوتیں منظم منصوبہ بندی کے تحت ملک میں انتشار پھیلانے کی سازشیں کر رہی ہیں۔ اسلام آباد کی سڑکوں پر جو کچھ ہو رہا ہے سب نفاق کا نتیجہ ہے۔ حکمران اسلامی شریعت پر عمل پیراہوں لڑائی جھگڑے ختم ہوجائیں گے۔ مسئلہ کشمیر کے حل کا یہ شاندار وقت ہے۔ سیاسی وعسکری قیادت متحد ہو کر آزادی کشمیر کیلئے فیصلہ کن کردار ادا کرے۔کوئٹہ میں ہونے والی دہشت گردی میں بھارتی خفیہ ایجنسیاں ملوث ہیں۔ جامع مسجد القادسیہ میں خطبہ جمعہ کے دوران اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے انہوںنے کہاکہ سیاستدانوں و حکمرانوں کو چاہیے کہ وہ بیرونی قوتوں کی سازشوں کا شکار نہ ہوں ۔ انڈیا آپ کے ساتھ قطعی طور پر مخلص نہیں ہے‘ اس کی نام نہاد دوستی سے بچیں اور متحد ہو کر مظلوم کشمیریوں کی ہرممکن مددوحمایت کی جائے۔ کشمیر آزاد ہو گا توانڈیا کی کمر ٹوٹ جائے گی اور پاکستان دفاعی و معاشی اعتبار سے ایک مضبوط قوت بن کر ابھرے گا۔امریکہ و یورپ کو آج یہی پریشانی کھائے جارہی ہے۔ اس لئے وہ پاکستان کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کیلئے انڈیا کو شہ دے رہے ہیں۔ دشمن کی سازشیں ناکام بنانے کیلئے ملک میں اتحادویکجہتی کا ماحول پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوںنے کہاکہ 70سال پر محیط کشمیریوں کی قربانیوںنے آزادی کی جدوجہد کو اس موڑ پر پہنچا دیا ہے کہ دنیا کی تاریخ میں اس کی کوئی مثال نہیںملتی۔ حافظ محمد سعید نے کہا کہ آج کشمیر کی تحریک جن حالات سے گزر رہی ہے پوری پاکستانی قوم کو ان کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑا ہونا چاہیے تھا مگر صورتحال یہ ہے کہ سیاستدانوں و حکمرانوں کو حالات کی سنگینی کا ادراک نہیں ہے اور اسلام آباد میں اس وقت انتشار کی کیفیت ہے۔ علا وہ ازیں حافظ محمد سعید نے حوثی باغیوں کی طرف سے مکہ مکرمہ پر میزائل حملہ کی ناکام کوشش پر شدید ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسلام دشمن قوتیں یمن کو بیس بنا کر حرمین شریفین کو نقصان پہنچانے کی خوفناک منصوبہ بندی پر عمل پیرا ہیں۔ مکہ مکرمہ پر میزائل حملہ کی کوشش سے حوثی باغیوں کے مذموم عزائم دنیاپر واضح ہو گئے۔ حرمین کا تحفظ ہر مسلمان اپنے ایمان کا حصہ سمجھتا ہے۔ پاکستان سمیت دیگرمسلم ممالک کے حکمرانوں کو چاہیے کہ وہ حرمین شریفین کے تحفظ کیلئے کھل کر سعودی عرب کا ساتھ دیں۔
حافظ سعید