عمران اپنے ایجنڈے میں ناکام ہو گئے، پنڈی کا ”مولا جٹ“ منہ چھپاتا پھر رہا ہے: وزرا
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ + وقائع نگار خصوصی + نیوز ایجنسیاں) وزیر اطلاعات پرویز رشید نے کہا ہے کہ عمران خان آرام سے اپنے گھر بیٹھے ہیں۔ انکا اپنا ایجنڈا ہے، وہ شیر بند کرانا چاہتے ہیں۔ عمران اپنے ایجنڈے میں ناکام ہوگئے۔ کل کا میچ گزر گیا آج دیکھا جائیگا۔ لاکھوں لوگوں کا دعویٰ کرنے والے آج 10 لوگ بھی جمع نہ کرسکے۔ مسلم لیگ (ن) کے رہنما مشاہد اللہ نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی والے قطرے کو سمندر اور کوزے کو دریا سمجھتے ہیں۔ یہ عوام کی خوشحالی جمہوریت اور ترقی کے دشمن ہیں۔ عوام کا سمندر لانے والے شیخ رشید خود بھاگ رہے تھے۔ گرفتاریاں ہونا اچھی بات نہیں مگر بغاوت کرنے پر قانون اپنا راستہ اختیار کرتا ہے۔ وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ افسوس ہے کہ راولپنڈی کا مولا جٹ گرفتاری سے بچنے کیلئے گلیوں میں منہ چھپاتا پھر رہا ہے۔ گلوکار آسمان سے نہیں اترتے سیاستدان ہوں یا سنگر جو بھی بلوہ کریگا قانون اسکے خلاف حرکت میں آئیگا۔ طلال چودھری نے کہا ہے کہ کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائیگی، اگر کوئی قانون کے دائرہ کار میں رہتے ہوئے احتجاج یا جلسہ کرنا چا ہتا ہے تو ضرور کریں بصورت دیگر قانون کے مطابق کارروائی ہوگی۔ طلال چودھری نے کہا کہ عمران جس ہائیکورٹ کے حکم کو خود ماننے سے انکاری تھے آج حکومت کو اس حکم پر عمل کرنے کا کہہ رہے ہیں، ہم ایک بار پھر پیشکش کرتے ہیں عمران خان احتجاج کیلئے قانون کے تقاضے پورے کریں حکومت مکمل سکیورٹی دیگی۔ ہم نے ہائی کورٹ کے حکم پر عمل کرایا ہے۔ رہنما مسلم لیگ (ن) رانا مشہود نے کہا ہے کہ سیاست کے پیچھے شرپسندی ہو رہی ہے۔ حکومت نے کبھی جلسے جلوس سے نہیں روکا۔ پی ٹی آئی لکھ کردے کہ جلسہ کریں گے۔ سکیورٹی ہم دیں گے۔ ہم آئین اور قانون کے خلاف جانے کی اجازت نہیں دیں گے۔ وزیراعظم محمد نواز شریف کے خصوصی معاون برائے سےاسی امور ڈاکٹر آصف کرمانی نے کہا ہے کہ لال حویلی والا سلیمانی ٹوپی اتارے اور سامنے آئے۔ اسلام آباد پر حملہ ریاست پاکستان پر حملہ تصور کرتے ہیں۔ اسلام آباد اور راولپنڈی میں زندگی معمول کے مطابق رواں دواں ہے۔
وزرا/ ردعمل