• news

عمران خان کا احتجاج ملکی ترقی‘ راہداری منصوبہ روکنے کیلئے ہے : مسلم لیگ (ن) شیخوپورہ

شیخوپور (سلطان حمید راہی/عظیم علی شیخ/سیف الرحمان سیفی) مسلم لیگ (ن) کے رہنمائوںاور عہدیداروں نے کہا ہے کہ تحریک انصاف غنڈہ گردی کے ذریعے اقتدار پر قبضہ کرنا چاہتی ہے جس کا ہر سطح پر بھر پور مقابلہ کیا جائیگا۔ تحریک انصاف نے جس طرح کی غنڈہ گردی پر مبنی سیاست کی ہے اسکا جواب دینے کیلئے مسلم لیگ کے کارکن ہمہ وقت تیار ہے۔ ہماری لیڈر شپ نے ہمیشہ تحمل بُردباری اور اخلاقیات پر مبنی اور عوام کی خدمت کی سیاست کا درس دیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار مسلم لیگ (ن) سٹی صدر چوہدری طیاب راشد سندھو، ضلعی جنرل سیکرٹری کاشف عارف، سٹی سینئر نائب صدر میاں اعجاز احمد، چیئرمین بلدیہ کے امیدوار میاں امجد لطیف، سٹی جنرل سیکرٹری میاں منور اقبال، اعظم بٹ، ملک محمود طاہر، ملک عرفان اسلام، شفقت بلوچ اور دیگر نے نوائے وقت کے سروے میں کیا۔ ان رہنمائوں نے کہا کہ عمران خان کا احتجاج پاکستان کی ترقی اقتصادی راہداری کو روکنا ہے اور جمہورت کو غیرمستحکم کرکے ایسا ماحول پیدا کرنا ہے کہ اقتدار پر غیر جمہوری لوگ قبضہ کرلیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے 2014ء کا دھرنا دھاندلی کیخلاف دیا تھا اور سپریم کورٹ میں وہ دھاندلی ثابت نہیں کرسکے۔ اب پھر عمران خان حکومت کو مفلوج کرنے عوام کو گھروں میں قید کرنے بچوں کو سکول جانے سے روکنے عوام کو کاروبار کرنے سے روکنے کے غیرملکی پلان کی تکمیل کیلئے سرگرم عمل ہے۔ ہم اپنے لیڈر میاں نواز شریف اور میاں شہباز شریف کی کال کے منتظر ہیں۔ پنجاب کے ہر شہر گلی کوچے میں تحریک انصاف کے کارکنوں اور رہنمائوں کا حقہ پانی بند کردیا جائیگا۔

ای پیپر-دی نیشن