• news

عمران کا احتجاج گزشتہ دھرنے کی طرح ناکام ہوگا: لیگی رہنما، کارکن

لاہور (فرخ سعید خواجہ) موجودہ سیاسی صورتحال میں جبکہ تحریک انصاف کے 2 نومبر کے اسلام آباد لاک ڈان کا بہت چرچا ہے، حکمران جماعت مسلم لیگ (ن) کے صوبائی دفتر کی رونقیں عروج پر پہنچ گئی ہیں۔ بلدیاتی اداروں کی سربراہی کے خواہشمند امیدواروں کا پارٹی آفس میں میلہ دکھائی دیتا ہے۔ نوائے وقت نے جب یہ سوال انکے سامنے رکھا کہ 2 نومبر کے بارے میں لیگی کارکنوں کی رائے اور رویہ کیا ہے تو وہاں موجود ضلع کونسل ساہیوال کے امیدوار برائے چیئرمین چودھری آصف علی نے کہا کہ احتجاج اس مرتبہ بھی پچھلے دھرنے کی طرح ناکام ہوگا، نوازشریف حکومت اپنی معیاد بھی پوری کریگی اور سینئر نائب صدر ضلع مسلم لیگ جھنگ چودھری محمد شریف نے کہا ہے کہ صرف مسلم لیگی ہی نہیں، عام آدمی بھی سمجھتا ہے کہ اپنی پارٹی کو زندہ رکھنے کیلئے لاک ڈائون جیسا کام کرنا چاہتے ہیں، ہماری حکومت کو چاہئے کہ ایسی حکمت عملی بنائے کہ عمران لیڈر نہ بن جائے، وہ اپنی حرکتوں کی وجہ سے لیڈر کی بجائے مذاق بن چکے ہیں۔ مسلم لیگ (ن) لیبر ونگ لاہور کے صدر چودھری شہزاد انور نے کہا کہ عمران خان کا دعویٰ دیوانے کا خواب ہے جو کبھی پورا نہیں ہوگا۔ مسلم لیگ ساہیوال کے کارکن چودھری ذیشان علی کہا کہ پرامن احتجاج ہر سیاسی جماعت کا حق ہے لیکن اسلام آباد لاک ڈائون احتجاج نہیں بغاوت ہے۔ مسلم لیگ (ن) یوتھ ونگ پنجاب کے صدر میاں غلام حسین شاہد نے کہا کہ اسلام آباد لاک ڈائون سی پیک اور پاکستان چین تعلقات کو خراب کرنے کی کوشش ہے۔

ای پیپر-دی نیشن