سندھ : ون ڈش پابندی ، شادل ہال جلد بند کر نے کے لئے3 ماہ کی مہلت
کراچی (وقائع نگار) وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے سندھ میں امن و امان کا انچارج میں ہوں اور وفاق کی ایجنسیز میرے ماتحت کام کرتی ہیں۔ حیدر آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے اسلام آباد میں پی ٹی آئی کے کارکنوں کی گرفتاری اور تشدد کی مذمت کی۔ مراد علی شاہ نے کہا وزیراعظم نواز شریف نے سندھ حکومت کو اڑھائی سال پہلے 5 ارب دینے کا وعدہ کیا لیکن پورا نہیں کیا۔ امن و امان کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر انہوں نے کہا کہ یہ بات واضح ہو جانی چاہیے وہ سندھ میں امن و امان کے انچارج ہیں۔ انہوں نے صوبے میں شادی ہالز جلد بند کرنے اور ون ڈش پر پابندی کی تاریخ میں توسیع کر دی۔ علاوہ ازیں مراد علی شاہ اور انڈسٹریز کے وزیر منظور وسان کے درمیان ملاقات ہوئی۔ منظور وسان نے وزیراعلیٰ کو بتایا شادی ہالز مینجمنٹ کے ساتھ مشاورت میں پتہ چلا شادی ہالز میں بکنگ جنوری کے آخر تک کی ہے، جس میں کھانے کی ایڈوانس ادائیگی ہو چکی ہے۔ وزیراعلیٰ نے لوگوں کی بکنگ کے پیش نظر شادی ہالز کی ٹائمنگ اور ون ڈش کے فیصلے پر عملدرآمد کی تاریخ میں توسیع کر دی۔ فیصلے پر عملدرآمد یکم نومبر کے بجائے یکم فروری سے ہو گا۔