اسلام آباد پر قبضہ کی کال ناکام بنادی ، حکومت کو کوئی خطرہ نہیں، رانا تنویر
مرید کے ( نامہ نگار) وفاقی وزیر دفاعی پیداوار و سائنس و ٹیکنالوجی رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ نواز شریف کا ملک کی ترقی و خوشحالی کا ایجنڈا روکنے کیلئے عمران ناکام کوششوں میں مصروف ہیں سی پیک ملکی ترقی خود مختاری کا قومی منصوبہ ہے۔ عمران کی سبھی سازشیں حکومت کے نہیں بلکہ ملک کے خلاف ہیں حکومتی کامیاب حکمت عملی سے2نومبر کے اسلام آباد قبضہ کی کال ناکام بنا دی ہے۔ حکومت کو کوئی خطرہ نہیں اپنے فارم ہائوس پر نوائے وقت سے خصوصی گفتگو کر رہے تھے۔ اس موقع پر مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان کے مرکزی ترجمان صاحبزادہ حاجی امجد ،اجمل چوہدری ،ظہیر احمد کمبوہ چیئر مین میونسپل کمیٹی مرید کے شیخ شبیر احمد بھی موجود تھے۔رانا تنویر حسین نے کہا کہ عمران سیاسی احمق ہیں جنہیںسیاست کے حروف سے بھی واقفیت نہیں ، سی پیک مسئلہ کشمیر کی عالمی سطح پر سفارتی جنگ لوڈ شیڈنگ کے خاتمہ کی عملی جدو جہد ملکی معیشت کی ترقی عالمی طاقتوں سے ملک کی دوستی ملک دشمنوں کو نا پسند ہے۔ انہوں نے کہا کہ ترقی کا پہیہ رواں دواں رہے گا عمران خان گھر میں آرام کریں2نومبر کو اسلام آباد شہر بند نہیں ہو گا اور حکومت کو بھی کچھ نہیں ہو گا سیاسی بیروز گار اور تانگہ سوار لیڈروں کی نواز شریف کے سامنے حیثیت زیرو ہے ۔ رانا تنویر نے کہا کہ مودی بھی نواز شریف کے منصوبوں کا اتنا بڑا دشمن نہیں ہے عمران مودی سے دس گناہ آگے جا رہے ہیں عمران کان کھول کر سن لیں 2018ء میں کے پی کے ان سے چھن جائے گا عوام ترقی چاہتے ہیں جبکہ عمران ترقی کا پہیہ جام کرنا چاہتے ہیں۔فیروز والہ سے نامہ نگار کے مطابق رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ دھرنے کی آڑ میں عمران نے پاکستان دشمن قوتوں کے ایجنڈے پر ملک میں انتشار پیدا کرنا چاہتے ہیں مگر عوام ان کے تمام سازشیں ناکام بنا دیں گے ملک میں کسی کو افراتفری پھیلانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔