بنی گالہ میں جھڑپیں جاری سینکڑوں گرفتاریاں وزیر مال خیبر پی کے کی گاڑی سے شراب اسلحہ برآمد علی امین فرار
اسلام آباد + لاہور (اپنے سٹاف رپورٹر سے+ نامہ نگاران + نیوز ایجنسیاں) بنی گالہ جانے کی کوشش کرنے والے پی ٹی آئی رہنما اور وزیر مال خیبر پی کے علی امین گنڈا پور کی گاڑی سے بڑی تعداد میں اسلحہ برآمد کر لیا گیا۔ جبکہ علی امین فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ پی ٹی آئی رہنما چودھری سرور، عظمیٰ کاردار اور مسرت چیمہ کو بھی بنی گالہ جانے سے روک دیا گیا۔ علی امین گنڈا پور بنی گالہ اسلام آباد پہنچے تو پولیس نے جانے کی اجازت دینے سے انکار کر دیا اور ان کی گاڑی کی تلاشی لی گئی، جس کے دوران اسلحہ و دیگر اشیا برآمد ہوئیں۔ پولیس نے دعویٰ کیا کہ گاڑی سے سات کلاشنکوفیں ، ایک آنسو گیس پھینکنے والی گن ، بڑی تعداد میں گولیاں ، سات بلٹ پروف جیکٹس اور شراب کی ایک بوتل برآمد کئے گئے ہیں، لینڈ کروزر سے شکار کئے گئے چار تیتر بھی پولیس نے قبضے میں لے لئے۔ صوبائی وزیر اتوار کی صبح چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی رہائشگاہ آنے کیلئے رخسانہ بنگش روڈ سے آرہے تھے ایس پی کیپٹن (ر) محمد الیاس اور ڈی ایس پی فدا حسین ستی نے پولیس کی بھاری نفری سمیت ان کی گاڑی روک لی جس کی تلاشی کے دوران یہ اسلحہ برآمد کرلیاگیا جبکہ صوبائی وزیر اس دوران جائے وقوعہ سے چلے گئے تاہم انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ ان کے ساتھ زیادتی کی گئی ہے 2 نومبر کو ثابت ہوجائے گا کہ ہم کس طرح بھرپور طاقت کا مظاہرہ کرتے ہیں لیکن اس زیادتی کا بدلہ نواز شریف سے لوں گا۔ قبل ازیں پولیس نے بنی گالہ سمیت مختلف علاقوں میں پی ٹی آئی کے50 ورکروں کو بھی گرفتار کرلیا، بنی گالہ میں عمران خان چوک پر پولیس اور پی ٹی آئی کے کارکنوں میں تصادم بھی ہوا پولیس نے آنسو گیس چلادی پارٹی کا ایک ٹائیگر اپنے قائد عمران خان کیلئے طوطا لے کر بنی گالہ پہنچ گیا۔ عمران خان کے گھر کی جانب اچانک دولہا گاڑی سجائے نمودار ہوا تو پولیس نے عمران خان چوک پر اس سے پوچھا کدھر جا رہے ہیں دولہا نے کہا کہ میں کوہاٹ سے بارات لایا ہوں بنی گالہ میں میری شادی ہے میں تو دلہن لینے آیا ہوں بعد ازاں پولیس نے شادی والے گھر کا پتہ پوچھ کر بارات اس جانب بھجوا دی۔ قبل ازیں تحریک انصاف کے رہنما چودھری سرور کو بنی گالہ جانے سے روک دیا گیا تھا۔ دریں اثنا پولیس نے گولڑہ موڑ کے قریب دوران چیکنگ شامیانے‘ کرسیوں سے بھرا ٹرک پکڑ لیا۔ بنی گالہ میں تیسرے روز بھی پولیس اور مظاہرین میں جھڑپیں جاری رہیں، مزید متعدد افراد دھر لئے گئے، ادھر پی ٹی آئی نے گزشتہ روز کراچی میں ریلی نکالی گئی۔ مختلف شہروں میں گزشتہ روز بھی چھاپوں کا سلسلہ جاری رہا۔ رجانہ سے نامہ نگار کے مطابق گرفتاری سے بچنے کیلئے تحریک انصاف کی مقامی قیادت روپوش ہو گئی۔ مانانوالہ سے نامہ نگار کے مطابق دیگر اضلاع کی طرح ضلع شیخوپورہ میں بھی پی ٹی آئی کے سرگرم کارکنان و عہدیداران کے کوائف اکٹھے کر لئے گئے۔ سلانوالی سے نامہ نگار کے مطابق کارکنوں کی گرفتاری کے لئے پے در پے چھاپے جاری ہیں۔ سرائے عالمگیر سے نامہ نگار کے مطابق پی ٹی آئی جلسہ کو روکنے کے حوالے سے سرائے عالمگیر پولیس نے بھی کنٹینرز جمع کر لئے جس کی مدد سے روڈز بلاک کئے جائیں گے۔ علاوہ ازیں وفاقی پولیس نے پی ٹی آئی کے صوبائی وزیر علی امین گنڈا پور کی گاڑی اور متعدد حملہ آوروں سے پکڑا گیا اسلحہ میڈیا کے سامنے پیش کر دیا۔ دریں اثناء علی امین گنڈا پور نے کہا ہے کہ میری گاڑی سے شراب نہیں شہد کی بوتل برآمد ہوئی جبکہ برآمد ہونے والا تمام اسلحہ لائسنس والا تھا جس میں میرے سکیورٹی گارڈز کا اسلحہ بھی شامل ہے جو پولیس اہلکار ہیں بلٹ پروف جیکٹس میں ایک میری جبکہ دو پولیس اہلکاروں کی ہیں۔ مانگٹانوالہ سے نامہ نگار کے مطابق پولیس نے پی ٹی آئی کارکنوں کو اسلام آباد دھرنے میں جانے سے روکنے کیلئے انکے گھروں پر چھاپے مارے۔ رائے قاسم مشتاق ایڈووکیٹ‘ عبدالحفیظ‘ زاہد ادریس کو گرفتار کر لیا۔ شیخوپورہ سے نامہ نگار خصوصی کے مطابق گزشتہ روز پولیس کے دستوں نے تحریک انصاف کے کارکنوں الحاج ملک اسلم بلوچ، کنور عمران سعید، ابوبکر مشتاق ورک، انیس ریاست ورک، حافظ مدثر مصطفیٰ، کامران ذوالفقار ورک، غلام نبی ورک اور دیگرکے گھروں پر چھاپے بھی مارے۔ علاوہ ازیں تحریک انصاف کے سابق تحصیل صدر وحلقہ پی پی 166 کی رہائشگاہ پر اجلاس کی کارروائی کے دوران پولیس کی مختلف ٹیمیں بار بار ان کی رہائشگاہ کے باہر چکر لگاتی رہی تاہم رہنما اور کارکنان رہائشگاہ کے عقبی راستہ سے نکل کر فرار ہو گئے۔ مریدکے سے نامہ نگار کے مطابق پولیس رانا اعجاز حسین‘ طارق ریحان‘ عامر گجر‘ خالد منظور گجر‘ کونسلرز پیر فخر الاسلام ہاشمی‘ تنویر جٹ‘ سعید بٹ کو تلاش کرتی رہی مگر ناکام رہی۔ لاہور میں بھی کارکنوں کو روکنے کی تیاریاں جاری ہیں اور خصوصی اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ لاہور پولیس نے گزشتہ شب تحریک انصاف‘ عوامی تحریک اور ق لیگ کے رہنماؤں اور کارکنوں کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کر دیا ہے اور درجنوں افراد کو گرفتار کر لیا۔ 16 ایم پی او کے تحت گرفتاریوں کے احکامات جاری کئے گئے جبکہ پولیس نے لاہور کو سیل کرنے کے لئے 2 سو سے زائد کنٹینرز پکڑ رکھے ہیں۔ سی سی پی او امین وینس کی ڈویژنل ایس پیز کے ساتھ میٹنگ کے بعد گرفتاریوں کا سلسلہ شروع کیا گیا۔ 100 سے زائد افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔ راولپنڈی کے علاقے فیض آباد سے مونس الٰہی کی جانب سے بھیجا گیا بینرز اور ڈنڈوں سے بھرا ٹرک پکڑا گیا‘ تھانہ آئی نائن میں مونس الٰہی سمیت 8 ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔ پولیس نے ٹی وی کے نامور اداکار کاشف محمود کو بھی تحریک انصاف دھرنے میں شرکت سے روکنے کیلئے گرفتار کر لیا۔گوجرانوالہ سے نمائندہ خصوصی کے مطابق پولیس نے کریک ڈاؤن شروع کر دیا۔ چار سو اسی سے زائد تحریک انصاف‘ عوامی تحریک اور ق لیگ کے متحرک کارکنوں اور قائدین کے ڈیروں اور گھروں پر چھاپے مارنے شروع کر دئیے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پولیس کو خفیہ اداروں کی جانب سے تیار کی جانے والی لسٹیں فراہم کر دی گئی ہیں جن میں تحریک انصاف کے تین سو چودہ‘ عوامی تحریک کے چہتر اور ق لیگ کے نوے سرگرم کارکن شامل ہیں۔ ان میں قومی و صوبائی اسمبلیوں کے ٹکٹ ہولڈرز‘ ضلعی و سٹی عہدیداران اور ذیلی ونگز کے قائدین شامل ہیں۔ شاہ کوٹ سے نامہ نگار کے مطابق مقامی پولیس نے رات گئے پی ٹی آئی کے کارکنوں کی گرفتاریوں کا سلسلہ شروع کر دیا۔ حکومت دو نومبر کے احتجاج کو ہر قیمت پر روکنے کے لئے کوشاں ہے اس مقصد کے لئے دونوں شہروں کی انتظامیہ نے راولپنڈی و اسلام آباد کی شاہراؤں کی بندش کے لئے کنٹینرز کی پکڑ دھکڑ شروع کر رکھی ہے۔ پی ٹی آئی کے چار کارکنوں کو شیخوپورہ سے گرفتار کر لیا گیا۔ بھلوال سے نامہ نگار کے مطابق اب تک پندرہ سے زائد کارکنوں کی گرفتاری کی اطلاع ملی ہے۔ پولیس نے داتا نگر میں ق لیگ کے سینیٹر کامل علی آغا کے گھر چھاپہ مارا مگر وہ گھر موجود نہ ہونے پر قابو میں نہ آسکے۔ ویلنشیا ٹاؤن میں پولیس نے اداکار کاشف محمود کو گرفتار کر لیا۔ اسلامیہ پارک پونچھ روڈ ارجن سٹریٹ میں تحریک انصاف کے کارکن چودھری برکت علی کے گھر چھاپہ مار کر اس کے دو بھائیوں ٹریفک حادثے کے زخمی لیاقت اور عثمان کو گرفتار کر لیا۔ لٹن روڈ سے چودھری لیاقت‘ اچھرہ پیر غازی روڈ سے نعمان‘ کونسلر نصیر احمد‘ کونسلر چودھری علیم الدین کو گرفتار کر لیا۔ اوکاڑہ پولیس نے پی ٹی آئی ایم پی اے مسعود شفقت کو ساتھیوں سمیت گرفتار کر لیا۔ حافظ آباد میں پی ٹی آئی رہنما حاجی محمد اعظم چٹھہ کو گرفتار کر لیا گیا۔ شیخوپورہ سے رہنما انیس ریاست کو گرفتار کر لیا گیا لالہ موسیٰ میں ق لیگ کے رہنما رحمان نصیر چھاپے کے دوران فرار ہو گئے۔ گوجرانوالہ میں سول لائن پولیس نے تحریک انصاف کے ڈاکٹر ظفر چودھری‘ پیپلز کالونی پولیس نے تحریک انصاف کے خواجہ امجد راٹھور کے بیٹے سٹی اور تھانہ جناح روڈ پولیس گوجرانوالہ نے تحریک انصاف کے ملک ہارون کو بھی گرفتار کر لیا۔ ملتان پولیس نے کریک ڈاؤن کے دوران ایم این اے عامر ڈوگر کے گھر گرفتاری کیلئے چھاپہ مارا تاہم عامر ڈوگر فرار ہو گئے۔ واربرٹن سے نامہ نگار کے مطابق ضلع ننکانہ میں پی ٹی آئی کے کارکنوں اور عہدیداروں کے خلاف کریک ڈاؤن 26 افراد گرفتار کر لئے گئے۔