• news

حکومت پانامہ سکینڈل کی تحقیقات کیلئے جوڈیشل کمشن قائم کرے دھرنا نہیں دینگے: شاہ محمود

اسلام آباد(آن لائن) تحریک انصاف نے بظاہر حکومت کو موجودہ بحران سے نکلنے کا ایک موقع فراہم کرتے ہوئے تجویز دی ہے کہ وہ پانامہ سکینڈل کی تحقیقات کے لیے 2 نومبر سے قبل جوڈیشل کمشن کے قیام کے حوالے سے قانون کی منظوری دیدے۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے کہا کہ حکومت کے پاس اب بھی وقت ہے کہ وہ صورتحال کو مزید بگڑنے سے روکے اور پانامہ پیپرز کی انکوائری کے حوالے سے اپوزیشن کے تیار کردہ بل کی منظوری کے لیے قومی اسمبلی اور سینیٹ کا اجلاس طلب کرلے۔ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ ’اگر حکومت سنجیدہ ہے تو وہ اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے متفقہ طور پر پیش کردہ ٹی او آرز کے تحت انکوائری کمشن کے قیام کے حوالے سے ایک آرڈیننس بھی جاری کرسکتی، ایک سوال کے جواب میں شاہ محمود قریشی نے کہا کہ اگر حکومت نے ہماری تجویز کو قبول کرلیا اس کے لئے صرف اعلان کافی نہیں ہوگا بلکہ جوڈیشل کمشن کے قیام اور قانون کی منظوری کے بعد ہم اپنا دھرنا ختم کر دیں گے۔

ای پیپر-دی نیشن