• news

حوثیوں کا مکہ پرحملہ ڈیڑھ ارب مسلمانوں پروار ہے:امام کعبہ

مکہ (اے پی پی) امام کعبہ اور حرمین شریفین کی نگراں کمیٹی کے چیئرمین الشیخ عبدالرحمان السدیس نے کہا ہے کہ یمن کے حوثی باغیوں نے میزائل سے صرف مکہ معظمہ کو نشانہ بنانے کا سنگین جرم نہیں کیا بلکہ مکہ مکرمہ پرحملہ کرکے ڈیڑھ ارب مسلمانوں پر حملہ کیا گیا۔العربیہ ٹی وی چینل کے مطابق مکہ معظمہ میں پریس کانفرنس سے خطاب میں الشیخ عبدالرحمان السدیس نے کہا کہ باغیوں نے مقدس مقامات کو نشانہ بنانے اور ڈیڑھ ارب مسلمانوں کے جذبات کو مشتعل کرنے کی مذموم کوشش کی۔خیال رہے کہ دو روز قبل یمن کے حوثی باغیوں نے الصعدہ کے مقام سے مکہ مکرمہ کی سمت میں ایک بیلسٹک میزائل داغا تھا جسے فضاہی میں تباہ کردیا تھا۔ حملے کے ردعمل میں الشیخ عبدالرحمان السدیس کا کہنا تھا کہ حوثیوں کا یہ اقدام بدترین جرم، ننگی جارحیت اور مسلمانوں کے دلوں کی ٹھنڈک خانہ کعبہ کونشانہ بنانے کی انتہائی گھٹیا اور مذموم کوشش ہے۔ خانہ کعبہ کی طرف راکٹ پھینکنے والوں کا کوئی دین، کوئی اصول اور مذہب نہیں۔ عقل وخرد سے محروم دین بیزار ایسے سرکش اور باغیوں کو ان کے کیے کی سزا ضرور ملے گی۔

ای پیپر-دی نیشن