نثار کا عمران سے بالواسطہ رابطہ، پریڈ گرائونڈ میں دھرنے کی پیشکش
اسلام آباد (محمد نواز رضا/ وقائع نگار خصوصی) باخبر ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ وفاقی حکومت اور حکومت پنجاب نے تحریک انصاف کو 2 نومبر 2016ء کے احتجاجی دھرنے میں شرکت سے روکنے کیلئے کارکنوں کی بڑے پیمانے پر پکڑدھکڑ کا پروگرام بنایا ہے۔ راولپنڈی اور اسلام آباد کی حدود میں داخل ہونے والے تحریک انصاف کے کارکنوں کو پنجاب کی دوردراز کی جیلوں میں منتقل کرنے کا منصوبہ بنایا ہے۔ ذرائع کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار کا تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان سے بالواسطہ رابطہ موجود ہے۔ چودھری نثار نے انکو مشورہ دیا ہے وہ 2 نومبر 2016ء کو ریڈ زون میں داخل ہونے کی کوشش نہ کریں بصورت دیگر ریاستی قوت کا استعمال کرکے ریڈ زون میں داخل ہونے سے روکا جائیگا۔ ذرائع کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ نے تحریک انصاف کو ’’پریڈ گرائونڈ‘‘ میں دھرنے کی متبادل جگہ کی پیشکش کی ہے لیکن ابھی تک عمران خان کی طرف سے کوئی جواب نہیں دیا گیا۔ ذرائع کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار آج اعلی عدالتوں کے فیصلوں کے بعد اسلام آباد کو ’’محفوظ شہر‘‘ بنانے کے لئے پلان کو حتمی شکل دیں گے۔ عمران خان کی گرفتاری کے بارے میں فیصلہ بھی اعلی عدلیہ کے فیصلوں کی روشنی میں کیا جائیگا۔ ذرائع کے مطابق میانوالی، ملتان اور دور دراز کی جیلوں میں سیاسی قیدی منتقل کرنے کیلئے بیرکیں خالی کرائی گئی ہیں۔ اسلام آباد آنے والی گاڑیوں کی تلاشی لی جا رہی ہے اور شناختی کارڈ چیک کرنے کے بعد لوگوں کو اسلام آباد میں داخل ہونے کی اجازت دی جا رہی ہے۔