شارجہ ٹیسٹ : بیٹنگ پھر ناکام‘ پاکستان کے 8 وکٹوں پر 255 رنز
لاہور (سپورٹس رپورٹر) ویسٹ انڈیز کے خلاف تیسرے اور آخری ٹیسٹ میچ میں پاکستان نے پہلے دن کھیل کے اختتام تک 8وکٹوں کے نقصان پر 255رنز بنا لئے ۔پاکستانی بلے بازوں نے ابتدائی نقصان کے بعد محتاط انداز اپنایا ۔۔اتوار کو کھیل کے پہلے دن مصباح الحق نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تو پاکستان کو پہلے ہی اوور میں دو وکٹوں کا نقصان اٹھانا پڑا۔پہلے اوور کی دوسری گیند پر ہی اوپنر اظہر علی بغیر کوئی سکور بنائے سلپ میں کیچ آو¿ٹ ہو ئے تو دو گیند بعد ان کی جگہ آنے والے اسد شفیق بھی ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔یہ دونوں وکٹیں شینن گیبریئل نے حاصل کیں۔آغاز میں ہی دو وکٹیں گرنے کے بعد یونس خان اور سمیع اسلم نے محتاط انداز میں بیٹنگ کی اور تیسری وکٹ کی شراکت میں 106 رنز بنائے۔یونس خان اپنی نصف سنچری مکمل کرنے کے بعد 51 رنز بنا کر چیز کی گیند پر کیچ آو¿ٹ ہوئے۔سمیع اسلم نے بھی نصف سنچری بنائی اور وہ چائے کے وقفے کے بعد 74 رنز بنانے کے بعد بشو کی گیند پر آو¿ٹ ہوئے۔کپتان مصباح الحق اور وکٹ کیپر بلے باز سرفرازاحمد نے اچھے کھیل کا مظاہرہ کیا اور سکور 230تک پہنچایا تو مصباح الحق بھی 53رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔سرفراز احمد بھی 51رنز بناکر چلتے بنے ۔محمد نواز بھی زیادہ دیر کریز پر نہ ٹھہر سکے اور صرف چھ رنز بناکر سٹیمپ آﺅٹ ہوگئے ۔وہاب ریاض بھی کچھ کر دکھانے میں ناکام رہے اور صرف چار نز پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے ۔خراب روشنی کی وجہ سے کھیل قبل از وقت ختم کیا گیاتو پاکستان نے 8وکٹوں کے نقصان پر 255رنز بنا لئے تھے ۔ یاسر شاہ ایک جبکہ محمد عامر چھ رنز بناکر کھیل رہے ہیں ۔ویسٹ انڈیز کی جانب سے بشو نے چار ‘گیبریل نے تین اور چیزنے ایک کھلاڑی کو آﺅٹ کیا۔ تیسرے اور آخری ٹیسٹ میچ کے لیے پاکستانی ٹیم میں دو تبدیلیاں کی گئیں۔ راحت علی اور سہیل خان کی جگہ وہاب ریاض اور محمد عامر کو واپس بلایا گیا ہے۔ویسٹ انڈیز کی ٹیم میں بھی دو تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ میگوئل کمنز اور شائے ہوپ کی جگہ الزاری جوزف اور شین ڈاورچ نے لی ہے۔ پاکستان نے دونوں ٹیموں کے درمیان جاری ٹیسٹ سیریز پہلے ہی اپنے نام کرلی ہے۔ دبئی میں کھیلا گیا پہلا ٹیسٹ 56 رنز سے اور ابوظہبی میں دوسرا ٹیسٹ 133 رنز سے جیتا تھا۔ پاکستان ویسٹ انڈیز کو ٹی ٹوئنٹی اور ون ڈے سیریز میں وائٹ واش کر چکا ہے۔