فٹبال ورلڈ کپ کوالیفائر‘سعودی عرب میں دہشتگردی کا منصوبہ ناکام‘8گرفتار
ریاض(سپورٹس ڈیسک) سعودی حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ فورسز نے فٹبال ورلڈ کپ کوالیفائر راو¿نڈ کے میچ میں بم دھماکے کی منصوبہ بندی کرنےوالے 2 پاکستانیوں سمیت 8 مبینہ دہشتگردوں کو گرفتار کرلیا ہے۔ سعودی وزارت داخلہ نے بیان میں کہا کہ داعش کے دو سیل حملوں کی منصوبہ بندی کررہے تھے اور ہر سیل میں 4 افراد شامل ہیں، جنھیں گرفتار کرلیا گیا۔ دہشتگردوں کے ایک سیل نے 11 اکتوبر کو جدہ کے الجواراہ سٹیڈیم میں سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے درمیان فٹبال میچ کے دوران بم دھماکہ کی منصوبہ بندی کر رکھی تھی۔گرفتار ہونےوالوں میں 2 پاکستانی، ایک سوڈانی اور ایک شامی شہری شامل ہے۔ دوسرے سیل کے دہشتگردوں نے سکیورٹی فورسز پر حملوں کی منصوبہ بندی کررکھی تھی اور انھیں شام میں موجود داعش کے رہنما کی جانب سے ہدایات دی جارہی تھیں۔ گرفتار تمام افراد نے اعتراف جرم کرلیا ہے۔ مزید 6 افراد کو گرفتار دہشتگردوں سے تعلق کے شبہ میں حراست میں لیا گیا ہے اور تفتیش جاری ہے۔