پاکستان کو فائنل میں شکست‘ بھارت ایشین ہاکی کا چیمپئن بن گیا
لاہور (سپورٹس رپورٹر)ایشین ہاکی چمپینز ٹرافی کے فائنل میں روایتی حریف بھارت نے دفاعی چیمپئن پاکستان کو 2-3 سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔ملائیشیا کے شہر کوانٹن میں کھیلے گئے میچ میں بھارت کی جانب سے 18 ویں منٹ میں روپندرپال سنگھ نے گول کرکے برتری دلادی جبکہ 5 منٹ بعد یوسف عفان نے برتری کو دوگنا کردیا۔پاکستان کی جانب سے تیسرے کوارٹر میں محمدعلیم بلال نے گول کر کے برتری کو 1-2 کردی جبکہ شان علی نے 38 ویں منٹ میں گول کرکے مقابلہ کو 2-2 سے برابر کردیا۔ فائنل کوارٹر میں نیکن نے گول کرکے بھارت کو ایک دفعہ پھر برتری دلادی جو میچ کے اختتام تک برقرار رہی۔ بھارتی ٹیم نے 2011 میں پاکستان کو پنالٹی شوٹ میں شکست دے کر پہلی مرتبہ چمپیئن بننے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔ تیسری پوزیشن کے لیے جنوبی کوریا اور ملائیشیا کے درمیان مقابلہ ہوا جہاں میزبان ٹیم نے پنالٹی شوٹ پر کامیابی حاصل کرکے تیسری پوزیشن اپنے نام کی۔ میچ مقررہ وقت تک تک 1-1 گول سے برابر تھا جبکہ پینٹلی شوٹ پر ملائیشیا کے گول کیپر نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا اور جنوبی کوریا کو 1-3 سے شکست دے دی۔