فیصل آباد: مقابلے میں ڈاکو ہلاک، کانسٹیبل شہید، ایس ایچ او سمیت2 اہلکار زخمی
فیصل آباد (نمائندہ خصوصی)کینال روڈ پر پولیس مقابلے میں کانسٹیبل شہید ایس ایچ او اور ایک کانسٹیبل زخمی ہو گیا‘ جوابی کارروائی میں ایک ڈاکو بھی مارا گیا۔ ساتھی فرار ہوگیا۔ تھانہ مدینہ ٹائون کے علاقہ کینال روڈ پر گٹ والا سے آنیوالی مشکوک کار کو ایس ایچ او مظہر عرفان نے روکنے کا اشارہ کیا تو کار سواروں نے گاڑی روکنے کی بجائے بھگا دی، پولیس نے کار کا تعاقب کیا تو کار سوار افراد نے پولیس پر اندھا دھند فائرنگ کر دی جس کی زد میں آکر کانسٹیبل محمد اشرف موقع پر ہی ہلاک ہوگیا جبکہ ایس ایچ او مظہر عرفان اور کانسٹیبل محمد اکرام زخمی ہو گئے ‘ پویس کی جوابی فائرنگ سے ایک ہلاک ہو گیا جبکہ اسکا ساتھی کا چھوڑ کر فرار ہوگیا ‘ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری اور پولیس افسران جائے وقوعہ پر پہنچ گئے۔ ہومی سائیڈ کی خصوصی ٹیم نے موقع پر پہنچ کر اہم شواہد اکٹھے کئے ہیں ‘ پولیس نے شہید پولیس اہلکار محمد اشرف اور ڈاکو کی نعش تحویل میں لیکر ہسپتال کے مارچری یونٹ منتقل کر دی‘ بلاک ہونے والے ڈاکو کی شناخت محمد وقاص کے نام سے ہوئی ہے اور وہ ملک پور کا رہائشی ہے جبکہ شہید پولیس کانسٹیبل محمد اشرف 71گ ب ستیانہ کا رہائشی اور 6 بچوں کا باپ تھا۔