گولن سے رابطوں کا الزام: ترکی میں مزید10 ہزار سرکاری ملازمین برطرف
استنبول (اے ایف پی/ اے این این) ترکی میں فتح اللہ گولن سے رابطوں کے الزام میں مزید 10 ہزار سے زائد سرکاری ملازمین کو برطرف کر دیا گیا ہے۔ سرکاری اعلان کے مطابق 10131 ملازمین برطرف کئے گئے ہیں۔ ان میں سے بیشتر کا تعلق تعلیم، عدل اور صحت کی وزارتوں سے ہے۔ ادھر صدر رجب طیب اردگان نے کہا ہے کہ مغربی ملکوں کی طرف سے ترکی میں سزائے موت کی بحالی کی کوششوں پر تنقید کی کوئی حیثیت نہیں۔ خیال رہے کہ ترکی میں سزائے موت پر عائد پابندی اٹھائے جانے کی کوششوں پر یورپی یونین کی طرف سے انقرہ کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ یاد ہے ترکی میں ناکام بغاوت کے الزام میں ہزاروں افراد کو سزائیں سنائی جا چکی ہیں ۔ادھر حکومت نے زاوے اور گولن کے حامی اور دہشت گرد تنظیموں سے تعلق کے الزام پر مزید 15 میڈیا دفاتر بند کر دیئے ہیں اور یونیورسٹی ریکٹر کے الیکشن بھی ملتوی کر دیئے گئے ہیں۔