• news

وقت ختم، نوازشریف جا رہے ہیں،2018 ء سے پہلے بہت کچھ ہونے والا ہے: عمران

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ +صباح نیوز)پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ نواز شریف کا وقت ختم ہو گیا ہے وہ جارہے ہیں۔ پولیس بنی گالہ سے ہٹ جائے ایسا نہ ہو دونوں اطراف سے آنے والی سونامی میں پولیس درمیان مین پھنس کر رہ جائے۔ بنی گالہ میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پولیس شریف خاندان کی نہیں پاکستان کی ملازم ہے جو جو تشدد کریگا ہم آئیں گے تو کوئی اپنی نوکریوں پر نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا حکمرانوں نے راستے بند کر کے آئین قانون کو توڑا ہے ۔وزیراعلیٰ خیبر پی کے بڑے قافلے کے ساتھ آ رہے ہیں خود ان کا بنی گالہ استقبال کروں گا لاہور سے اعجاز چوہدری کی قیادت میں پیدل قافلہ بنی گالہ پہنچ رہا ہے پولیس کو کہنا چاہتا ہوں کہ بنی گالہ سے واپس چلی جائے ایسا نہ ہو خیبر پی کے سے سونامی آئے اور ادھر سے بھی سونامی جائے اور پولیس درمیان میں پھنس کر نہ رہ جائے۔ ان کو شرم آنی چاہیے خواتین پر تشدد کیا گیا ہے بزدل لوگ ایسا کرتے ہیں اوپر اﷲ ہے اﷲ سے امید ہے انصاف ضرور ملے گا۔ غیر قانونی کام کرنے والے بچ نہیں سکیں گے۔نواز شریف نے جمہوریت کے نام پر آمریت قائم کر رکھی ہے جنون کا مقابلہ ہوگا پولیس پھنس جائے گی غیر قانونی تشدد کرنے والوں کا کیا بنے گا۔ نوازشریف مجرم ہیں ان کو جیلوں میں ہونا چاہیے تھا پر امن نہتے کارکنوں پر تشدد کیا جا رہا ہے۔ ہ نوازشریف کرپشن بچانے کیلئے خون خرابے پر اتر چکا ہے،چوری بچانے کی خاطر وفاق کو یرغمال بنانا انتہائی افسوسناک ہے۔ انہوں نے کہاکہ خیبر پی کے کو پاکستان سے کاٹنے کا شرمناک منصوبہ کامیاب نہیں ہوگا۔خیبرپی کے کے بغیرپاکستان کی تکمیل کا کوئی تصور نہیں۔ انہوں نے کہا نوازشریف کوارض پاک کی سالمیت سے کھیلنے نہیں دیں گے۔انھوں نے بھرپورعزم ظاہر کرتے ہوئے کہاکہ خیبر پی کے کو بقیہ پاکستان سے جوڑے رکھیں گے۔عمران خان نے دھمکی دی کہ کسی نقصان اور تصادم کے براہ راست ذمہ دار نواز شریف ہوں گے۔احتجاج کو تشدد میں بدلنے کیلئے عدالتی احکامات ہوا میں اڑائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا نواز شریف سے تلاشی مانگنا ہمارا بنیادی حق ہے۔ کسی طوراپنے مطالبے سے دستبردار نہیں ہوں گے۔ انوہں نے اعلان کیا 2 نومبر کو دس لاکھ افراد اسلام آباد میں ہونگے۔ وزیراعظم کا ساتھ دینے پر پولیس اہلکاروں کو سزائیں دینگے کنٹرولڈ ادارے انصاف نہیں دے رہے۔ عوام کو طاقت سے حق لینا ہو گا۔ انہوں نے کہا جس ملک کا سربراہ کرپٹ ہووہ کبھی ترقی نہیں کر سکتا ہم ملک کو قائداعظم اور علامہ اقبال کا پاکستان بنائیں گے۔ قانون پرامن احتجاج کو روکنے کی اجازت نہیںدیتا۔ لاہور ہائیکور ٹ کے فیصلے کا انتظار کر رہے ہیں امید ہے انصاف ہو گا۔ 2 نومبر کو 10 لاکھ لوگ پرامن طریقے سے نکلیں گے۔ بنی گالہ کے راستے غیر قانونی طور پر بتند کر دیئے گئے ہیں پولیس شریف خاندان کی نوکر بنی ہوئی ہے کارکنوں کے رشتہ داروں کو بھی پکڑا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا بنی گالہ پہنچنے والے مجاہد ہیں۔ پی ٹی آئی کی خواتین کارکنوں کے جذبے کو بھی سلام پیش کرتا ہوں۔ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ پرویز خٹک کو پنجاب حکومت کی جانب سے نشانہ بنانا شرمناک ہے۔ پی ٹی آئی کے تمام ورکرز اور جموہری لوگ ہارون آباد پل پہنچیں۔ تمام کارکن بہادر وزیراعلی کی سپورٹ کیلئے پہنچیں۔ کارکنوں پر پنجاب پولیس کی جانب سے شیلنگ کی گئی۔ پرویز خٹک کو تشدد کے ذریعے جمہوری حق سے روکا جا رہا ہے۔ پرویز خٹک بنی گالہ میں احتجاج کیلئے آنا چاہتے ہیں۔ عمران خان نے کہا کارکنوں کی گرفتاریوں پر سپریم کورٹ از خود نوٹس لے ٗ گرفتاریاں نہیں کارکنوں کو اغوا کیا جارہا ہے ٗ آصف علی زر داری منافق نہیں شریف برادران منافق ہیں ٗ 2018 بہت دور ہے ٗ اس سے پہلے بہت کچھ ہونے والا ہے ٗکارکن تیار رہیں ہم ملکر لڑیں گے۔ انہوں نے کہا کہ نوازشریف کی جمہوریت سے پرویز مشرف کی آمریت بہتر تھی ٗ یکم نومبر کو میرا سپریم کورٹ جانے کا ارادہ ہے۔ پیر کو میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ گرفتاریاں نہیں بلکہ اغوا ہے ٗ لوگوں کے جمہوری حقوق پر ڈاکہ مارا جارہا ہے ٗ لوگوں کو گھروں سے کس قانون کے تحت اٹھایا گیا‘؟ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کو نہ جمہوریت سمجھ آئی نہ وہ سمجھنا چاہتے ہیں۔ چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ ان کیلئے جمہوریت یہ ہے کہ دھاندلی کرو ٗ اقتدار میں آؤ، ملک کو لوٹو، پیسہ بناؤ، پیسہ باہر بھیجو، کیوں کہ ان کے بچے باہر بیٹھے ہیں اور کاروبار بھی باہر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جب بھی ان کی کرپشن پر بات کریں تو کہتے ہیں کہ جمہوریت، سی پیک اور ترقی کو خطرہ لاحق ہوگیا ہے۔ عمران خان نے کہا کہ کسی آمر نے اتنا ظلم نہیں کیا جتنا یہ حکومت کررہی ہے، لوگوں کے گھروں کے دروازے توڑ کر انہیں اٹھایا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب ہم نے رائے ونڈ میں دھرنا دیا تو وہ وزیر اعظم کے گھر سے 5 کلو میٹر دور تھا لیکن انہوں نے کہا کہ ہمارے گھر پر حملہ کرنے آرہے ہیں۔ سابق صدر آصف علی زرداری کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ آصف زرداری منافق نہیں تھے، انہوں نے کبھی نہیں کہا کہ قوم کا پیسہ واپس لائینگے لیکن یہ دونوں بھائی منافق ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نیب اور ایف بی آر میں اپنی مرضی کے سربراہ تعینات کیے تاکہ وہ انہیں پکڑ نہ سکیں، انہوں نے ملک کے ادارے اور اخلاقیات تباہ کیے۔ عمران خان نے نواز شریف کا نام لیتے ہوئے اشارہ دیا کہ 2018 بہت دور ہے، اس سے پہلے بہت کچھ ہونے والا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے کارکن تیاری کریں، ہم سب مل کر ان کے خلاف لڑیں گے، پرویز خٹک کے پی کے سے لوگوں کو لے کر آرہے ہیں اور وہ اس پولیس کا حصار توڑ کر آئیں گے کیوں کہ یہ ان کا آئینی حق ہے۔آن لائن کے مطابق چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے پرویز رشید بچے نہیں کہ بغیر پوچھے خبر آگے بڑھا دی۔ حکومت نے 2نومبر کو روکا تو 3نومبر کو تاریخ کا حصہ بن جائے گی۔ تب بھی روکا گیا تو حکومت کی کھڑی کی جانے والی تمام رکاوٹوں کو توڑتے ہوئے بنی گالہ پہنچیں۔ عمران خان کی جانب سے بھیجے گئے پیغام میں یہ بات واضح طور پر بتائی گئی 2نومبر کو تمام پہاڑیاں عبور کرکے آنا پڑے تو تحریک انصاف کے کارکن کو بنی گالہ پہنچنا پڑے گا۔ عمران خان کے پیغام کے مطابق جذبہ سچا ہو تو کوئی رکاوٹ درمیان میں حائل نہیں ہوتی جنہوں نے پہنچنا ہے وہ آجائیں گے ۔

ای پیپر-دی نیشن