• news

منفی سیاست کے علمبردار ملک و قوم کی خاطر ہوش کے ناخن لیں: شہباز شریف

لاہور(خصوصی رپورٹر) وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ عوام ترقی، خوشحالی اور امن چاہتے ہیں۔ اسلام آباد بند کرنے والوں اور منفی سیاست کے علمبرداروں کو ملک و قوم کی خاطر ہوش کے ناخن لینے چاہئیں۔ انتشار، افراتفری اور دھرنے دینے والوں کو عوام کے مسائل سے کوئی سروکار نہیں یہ سیاسی عناصر صرف ذاتی ایجنڈا کی تکمیل چاہتے ہیں یہی وجہ ہے کہ ان سیاسی عناصر نے ذاتی مفادات کی خاطر قومی مفادات کو بالائے طاق رکھ دیا ہے۔ ایک طرف پاکستان کا ازلی دشمن لائن آف کنٹرول اور ورکنگ بائونڈری کی خلاف ورزی کر رہا ہے دوسری طرف عاقبت نااندیش سیاسی عناصر اسلام آباد بند کرنے کی دھمکی دے کر ملک سے دشمنی کر رہے ہیں موجودہ نازک حالات میں قوم کو تقسیم کرنے کی ناپاک کوشش کی جا رہی ہے حالانکہ آج قوم کو اتحاد و اتفاق اور یکجہتی کی پہلے سے زیادہ ضرورت ہے۔ ایک بیان میں کہا کہ دھرنے اور شہروں کو بند کرنے کا اعلان درحقیقت ملک کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کو روکنے کے مترادف ہے۔ انتشار اور منفی سیاست سے ملک آگے نہیں پیچھے چلا جاتا ہے۔ اسلام آباد بند کرنے کی دھمکیاںدینے والے ملک میں تیز رفتار ترقی سے خائف ذاتی ایجنڈا کی تکمیل کی خاطر ملک کو تباہی کی بھینٹ چڑھانا چاہتے ہیں۔ شکست خوردہ عناصر آج اپنی منفی سیاست کی بنا پر سیاسی میدان میں تنہا کھڑے ہیں ان لوگوں نے گزشتہ ساڑھے تین برس کے دوران منفی اور الزامات کی سیاست کے علاوہ کچھ نہیں کیا، کاش منفی سیاست کرنے والوں نے عوامی خدمت کو شعار بنایا ہوتا۔ ملک بھر میں اربوں روپے کے ترقیاتی منصوبوں کو تیزی سے پایہ تکمیل تک پہنچایا جا رہا ہے۔ عوام کی فلاح کے منصوبوں کی تیزرفتار اور شفاف تکمیل پر شکست خوردہ عناصر کو تکلیف ہے اور اگر سی پیک اورتر قیاتی منصوبوں کو دھچکا لگا تو ذمہ دار دھرنا گروپ ہوگا۔ منفی سیاست کرنے والوں کو باشعور عوام نے پہلے بھی رد کیا آئندہ بھی کریں گے۔ مسترد عناصر اپنی ناکامیوں کا بدلہ عوام سے لینا چاہتے ہیں ۔ یہ خائف ہیں کہ عوام کی فلاح وبہبود کے منصوبے اور بجلی کے کارخانے مکمل ہوگئے تو ان کی سیاست ہمیشہ کیلئے دفن ہوجائے گی۔ ملک کی تباہی کا ایجنڈا لے کر آگے چلنے والوں کو اپنے منفی طرزعمل پر نظر ثانی کرنی چاہیے۔2018 کے انتخابات میں دودھ کا دوھ اور پانی کا پانی ہو جائے گا کہ عوام کس کیساتھ کھڑے ہیں۔ ملکی ترقی اور خوشحالی کیلئے سب کو مل کر کردار ادا کرنا ہے۔ ملک بھر میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل سے ملک سے اندھیرے چھٹ جائیں گے اور خوشحالی آئے گی۔ وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف کی زیرصدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا جس میں ’’خادم پنجاب صاف پانی پروگرام‘‘ کے مختلف امور پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے کہا کہ پنجاب حکومت نے پینے کے صاف پانی کی فراہمی کیلئے اربوں روپے کی لاگت سے ایک شاندار پروگرام ترتیب دیا ہے اربوں روپے کی لاگت سے عوام کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی آئندہ ڈیڑھ برس میں یقینی بنائی جائے گی۔ ’’خادم پنجاب صاف پانی پروگرام‘‘ خدمت کا خلق کا عظیم الشان منصوبہ ہے اورصاف پانی کی فراہمی کے اس پروگرام کا براہ راست تعلق انسانی صحت سے جڑا ہوا ہے۔ پنجاب حکومت اربوں روپے کی لاگت سے اس پروگرام پر عملدر آمد کرتے ہوئے عوام کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی یقینی بناکر بیماریوں سے محفوظ بنائے گی۔ وسائل قوم کی امانت ہیں اور صاف پانی پروگرام وسائل عوام پر خرچ کرنے کا منصوبہ ہے ۔ صاف پانی ہر شہری کا بنیادی حق ہے اور یہ حق عوام تک پہنچائیں گے۔ وزیراعلیٰ نے واضح ہدایات کے پروگرام کے بعض امور پر عملدرآمد نہ ہونے پر سخت برہمی کا اظہار کیا اور فیصلوں پر عملدرآمد میں کوتاہی برتنے پر متعلقہ حکام کی سرزنش کی۔ وزیراعلیٰ نے انکوائری کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کی جو اس ضمن میں کوتاہی کے ذمہ داروں کا تعین کرے گی۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے جامعہ اشرفیہ کے سابق صدر اور ممتاز عالم دین مولانا مفتی حمیداللہ جان کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہارکیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے سوگوار خاندان کے نام اپنے تعزیتی پیغام میںمفتی حمید اللہ جان مرحوم کی دینی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم نے دین اسلام کی ترویج کیلئے گراں قدر خدمات سرانجام دیں اور مفتی حمید اللہ جان کی وفات سے قوم ایک جید عالم دین سے محروم ہوگئی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن