وزیراعلیٰ کے حکم پر پی ٹی آئی کے تمام گرفتار کارکن رہا: پرویز خٹک کی صوبوں میں منافرت پھیلانے کی کوشش ناکام ہو گی: شہباز شریف
لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے پی ٹی آئی کے مظاہروں کے دوران صوبے میں گرفتار ہونیوالے تمام افراد کی رہائی کا اعلان کردیا۔ وزیراعلیٰ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ اس فیصلے پر عملدرآمد کیلئے متعلقہ انتظامی حکام کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ خیبر پی کے پرویز خٹک نے سوچے سمجھے منصوبے کے تحت صوبوں کے درمیان منافرت پھیلانے کی کوشش کی ہے لیکن انکی یہ کوشش کامیاب نہیں ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ پرویز خٹک کے بیان میں کوئی حقیقت نہیں کہ ایک صوبے کے وزیراعلیٰ کو دوسرے صوبے میں داخل ہونے سے روکا گیا۔ حقیقت یہ ہے کہ وزیراعلیٰ خیبر پی کے ایک ایسے جتھے کی قیادت کرتے ہوئے دارالحکومت بند کرانے کے اعلان کیساتھ اسلام آباد چڑھائی کرنے کیلئے آ رہے تھے جس میں مسلح افراد بھی شامل تھے اس جتھے کو روکا گیا کسی بھی صوبے کی طرف سے وفاق یا دوسرے صوبے کے بارے میںایسے اشتعال انگیز بیانات کی کوئی محب وطن پاکستانی تائید نہیں کرسکتا۔ انہوں نے مزید کہا کہ واضح رہے کہ پرویز خٹک ایک روز پہلے نوشہرہ میں تقریر کرتے ہوئے یہ انتہائی قابل مذمت بیان بھی دے چکے تھے کہ ہم پاکستان کا حشر نشر کردیں گے، صرف یہی نہیں پی ٹی آئی کے جس رہنما کی گاڑی سے کلاشنکوفیں گولیاں اور آنسو گیس گن برآمد ہوئی تھی وہ بھی ان کی صوبائی کابینہ کا وزیر اور انکا قریبی ساتھی تھا۔ شہبازشریف نے کہا کہ وزیراعلیٰ خیبر پ کے پرویز خٹک نے یہ بیان دیکر پنجاب کا کوئی لیڈر خیبر پی کے میں داخل نہیں ہوسکتا پنجاب کے عوام کو مشتعل کرنے کی کوشش کی لیکن میں پنجاب کے عوام سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ اشتعال نہ آئیں، شہبازشریف نے کہا کہ پرویز خٹک پنجاب سمیت ملک کے مختلف حصوں میں بسنے والے پختونوں کے نادان دوست ہیں وزیراعلیٰ خیبر پی کے جب چاہیں پنجاب آئیں میں ان کا خود استقبال کرونگا۔ شہبازشریف نے کہا ہے کہ پاکستان کے 20 کروڑ عوام کی جیت ہوئی پانامہ لیکس کے حوالے سے معاملہ عدالت عظمی میں جانے کے بعد احتجاج کا کوئی جواز باقی نہیں رہ گیا تھا۔ عوام ملک کی ترقی و خوشحالی اور اپنے مسائل کا حل چاہتے ہیں بین الاقوامی برادری میں باوقار مقام کے حصول کیلئے معاشی و اقتصادی ترقی ناگزیر ہے۔ مسلم لیگ (ن) کی حکومت کی ٹھوس معاشی پالیسیوں کے باعث معیشت بہتر ہوئی ہے۔ آج قومی معیشت کی بہتری کا اعتراف عالمی ادارے بھی کر رہے ہیں مسلم لیگ (ن) کے ایک وفد سے بات کرتے ہوئے انہوںنے کہا کہ اربوں روپے کی لاگت سے جاری بجلی کے منصوبوں کی تکمیل سے اندھیرے چھٹ جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات کا تقاضا ہے کہ ہم سب مل کر ملک کی ترقی کیلئے کام کریں اور ’’میں‘‘ کی روش چھوڑ کر ’’ہم‘‘ کی روش اختیار کریں۔ انہوںنے کہا کہ وزیراعظم محمد نواز شریف پہلے ہی عدالت عظمیٰ میں کیس کی سماعت اور کارروائی پر اپنے اعتماد کا اظہار کرچکے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے انتخابات میں کامیابی پر نو منتخب صدر رشید اے رضوی اور دیگر عہدیداروں کو مبارکباد دی۔