شیلنگ سے 2 کارکن شہید ہوئے: شاہ محمود اطلاع غلط تھی: عمران کی تردید
اسلام آباد (آن لائن+ نوائے وقت رپورٹ) تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی نے پنجاب پولیس کی جانب سے پی ٹی آئی کارکنوں کی گرفتاری اور تشدد کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ایک منتخب وزیراعلیٰ نے دوسرے صوبے کے منتخب وزیراعلیٰ پر حملہ کروایا ہے۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے شاہ محمود کا کہنا تھا کہ پرویز خٹک کی سربراہی میں آنے والے پی ٹی آئی کے قافلے پر پنجاب پولیس کے اہلکاروں کا تشدد غیر آئینی اور غیر قانونی ہے۔ انہوں نے الزام لگایا پنجاب پولیس کے زائد المیعاد زہریلی آنسو گیس شیل سے تحریک انصاف کے 2 کارکن جاں بحق اور متعدد زخمی ہو چکے ہیں، آپ نے بربریت اور ظلم کی جو داستان رقم کی ہے وہ انتہائی افسوسناک ہے اور اس کی مثال ماضی قریب میں نہیں ملتی، خدارا اپنا رویہ تبدیل کرلیں، ایسا ظلم تو آمرانہ ادوار میں بھی کبھی ہوتے نہیں دیکھا۔ دریں اثنا عمران نے ٹی وی کے ساتھ گفتگو میں کہا ہے کہ 2 کارکن شہید نہیں ہوئے اس حوالے سے غلط اطلاع ملی تھی دونوں کارکن زخمی ہیں۔