شارجہ ٹیسٹ :ویسٹ انڈیز 337 پر آوٹ پاکستانی بیٹنگ پھر ناکام برتری 31 زنز 6 وکٹیں باقی
لاہور(نمائندہ سپورٹس +سپورٹس رپورٹر) پاکستانی بیٹسمینوں کی غیرذمہ دارانہ کارکردگی نے ویسٹ انڈیز کو اپنے مایوس کن دورے کا اختتام شاندار انداز میں کرنے کا موقع فراہم کر دیا ‘ دوسری اننگز میں 87 رنز پر چار وکٹیں گرگئیں‘ مجموعی برتری31 رنز جبکہ چھ وکٹیں باقی ہیں۔ اظہر علی 45 اور سرفراز احمد 19 رنز پر کریز پر موجود ہیں۔پاکستانی ٹیم کی چار وکٹیں48 رنز پر گر گئیں۔سمیع اسلم 17رنز پر کیچ دے بیٹھے۔اسد شفیق نے گلی میںکیچ تھمایا۔ وہ کیریئر میں دوسری مرتبہ پیئر کی خفت سے دوچار ہوئے۔یونس خان صفر پرکیچ ہوئے۔ مصباح الحق چار رنز بناسکے۔اس سے قبل ویسٹ انڈیز کی ٹیم پہلی اننگز میں 337 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ 13 ٹیسٹ میچوں کے بعد پہلا موقع ہے کہ ویسٹ انڈیز نے حریف ٹیم کیخلاف برتری حاصل کی۔ویسٹ انڈیز کی اننگز کی خاص بات کریگ بریتھ ویٹ کے ناقابل شکست 142رنز تھے‘وہ بیٹ کیری کرنیوالے پانچویں ویسٹ انڈین اوپنر بن گئے۔ویسٹ انڈیز نے پہلی اننگز 244 رنز چھ کھلاڑی آؤٹ پر شروع کی تو پاکستانی بائولرز کو چار وکٹیں حاصل کرنے کیلئے 93 رنز دینے پڑگئے جیسن ہولڈر کو 16 رنز پر محمد عامر نے بولڈ کیا۔بشو کو 27 رنز پر وہاب ریاض نے کیچ کرا دیا۔وہاب ریاض جوزف اور گیبریل کو آئوٹر کر کے پانچ وکٹیں حاصل کیں۔وہ اولین ٹیسٹ کے بعد دوسری مرتبہ کسی اننگز میں پانچ وکٹیں حاصل کرنے میں کامیاب ہو سکے۔ محمد عامر نے تین کھلاڑی آؤٹ کیے۔پاکستان ٹیم نے پہلی اننگز میں 281رنز بنائے تھے ۔