دوسری ششماہی کا اضافی ٹیکس آئندہ ماہ سگریٹ کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ متوقع
لاہور ( کامرس رپورٹر)وفاقی حکومت نے بجٹ2016-17 میں سگریٹ پر ٹیکس میں ششماہی اضافہ کا فیصلہ کیا تھا جس کے مطابق دوسری ششماہی کا اضافی ٹیکس رواں سال دسمبر میں عائد کیا جائے گا جس سے سگریٹ کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ متوقع ہے۔پہلی ششماہی کا اضافی ٹیکس جون2016 میں عائد کیا گیا تھا جو اعلیٰ درجے کی سگریٹ کیلئے 3,436 روپے فی ایک ہزار سگریٹ جبکہ دوسرے درجے کی سگریٹ کیلئے 1,534 روپے فی ایک ہزار سگریٹ تھا۔ذرائع کے مطابق اعلیٰ درجے کی سگریٹ کیلئے دسمبر2016 میں عائد کیے جانے والا دوسری ششماہی کا اضافی ٹیکس3,705روپے فی ایک ہزار سگریٹ جبکہ دوسرے درجے کی سگریٹ کیلئے 1,649 روپے فی ایک ہزار سگریٹ ہو گا۔ ٹیکس ماہر ین کاکہنا ہے کہ حکومت کی جانب سے سگریٹ پر ٹیکس میں اس طرز کا معمولی ششماہی اضافہ ملک میں بڑھتے ہوئے غیر قانونی سگریٹ کے کاروبار کوروکنے کیلئے احسن اقدام ہے۔