مریم اورنگزیب نے وزیر مملکت اطلاعات و نشریات کا حلف اٹھا لیا، پرنٹ، الیکٹرانک میڈیا کیلئے قواعد مرتب کیے جائیں: صدر
اسلام آباد(آئی این پی/صباح نیوز) مسلم لیگ (ن) کی رکن قومی اسمبلی مریم اورنگزیب نے وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات کے عہدے کا حلف اٹھا لیا ہے۔ ایوان صدر میں ہونے والی سادہ مگر پر وقار تقریب میں صدر ممنون حسین نے حلف لیا۔ تقریب حلف برداری میں سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق ‘ وفاقی کابینہ کے ارکان اور مسلم لیگی پارلیمنٹرینز نے شرکت کی۔ صدر نے مریم کو ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد دی۔اس موقع پر صدر نے کہا کہ وزارتِ اطلاعات و نشریات کامنصب تقاضا کرتا ہے کہ وہ حکومت کی پالیسیوں کو آگے بڑھائے۔ پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا کے لیے پیمرا اور دیگر نشریاتی اداروں سے مل کر قواعد و ضوابط مرتب کیے جائیں تاکہ سننسنی پھیلانے کے بجائے معتبر اور صحیح خبر لوگوں تک پہنچے۔ حلف کے بعد مریم اورنگزیب نے صدر سے ملاقات کی ، صدر مملکت نے انھیں منصب سنبھالنے پر مبارک باد دی اور توقع ظاہر کی کہ وہ ملک وقوم کی خدمت کے لیے بہترین صلاحیتوں سے کام لیں گی۔