سلطان آف جوہر ہاکی ٹورنامینٹ :پاکستان نے ملائیشیاکو 4 -1سے شکست دے دی
لاہور (سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس) سلطان آف جوہر جونیئر ہاکی ٹورنامنٹ میں پاکستان جونیئر نے تیسرے میچ میں میزبان ملائیشیا کو چار ایک گول سے آوٹ کلاس کر دیا۔ پاکستان کی طرف سے ابوبکر، دلبر، شان ارشاد اور سمیع اﷲ نے ایک ایک گول کیا۔ جوہر بارو میں جماری ٹورنامنٹ میں گذشتہ روز میچ کے 7 ویں منٹ میں ابوبکر کے گول کی مدد سے پاکستان کو ایک صفر کی برتری دلائی۔ کھیل کے 20 ویں منٹ میں کپتان دلبر حسین گول کر کے مقابلہ دو صفر کر دیا۔ پانچ منٹ بعد میزبان ملائیشیا کے نجمی جزلان نے گول کر کے ایک گول کے خسارہ کو کم کیا تاہم پہلے ہاف کے 30 ویں منٹ میں پاکستان کے شان ارشاد نے پاکستان کی طرف سے تیسرا گول کر کے پاکستان کی برتری کو تین ایک کر دیا۔ پاکستان کی طرف سے چوتھا گول سمیع اﷲ نے کھیل کے 39 ویں منٹ میں کیا۔ میچ کا خاتمہ پاکستان کی ملائیشیا کے خلاف چار ایک سے جیت سے ہوا۔ ٹورنامنٹ میں آج آرام کے دن کے بعد کل پاکستان ٹیم اپنا چوتھا میچ آسٹریلیا کے خلاف کھیلے گی۔