• news

تمام سیاسی جماعتوں کو سنجیدہ طرزعمل اپنانے کی ضرورت ہے : راجہ ظفرالحق

اسلام آباد (اے پی پی) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے چیئرمین اور سینٹ میں قائد ایوان راجہ ظفر ا لحق نے کہا ہے کہ جمہوریت میں رہتے ہوئے جمہوری طرزعمل اپنانا چاہیے،تمام مسائل کو سیاسی تحمل اور بردباری کے ساتھ حل کرنے کی ضرورت ہے،تمام مسائل کے حل کا پلیٹ فارم پارلیمنٹ ہے۔ انہوں نے کہاکہ ملک میں گزشتہ چند ماہ سے پانامہ لیکس کے حوالے سے بدمزگی پھیلی ہوئی تھی جو وزیراعظم نواز شریف کی فراخدلی، سیاسی تحمل اور بردباری کے باعث اپنے آئینی اور پر امن حل کی طرف بڑھنا شروع ہو گئی ہے۔امید ہے کہ اب اس الجھن کا آئینی، قانونی اور جمہوری طرزعمل کے مطابق حل نکلے گا جس سے پاکستان میں امن قائم ہوگا اور عالمی سطح پر ملکی عزت اور وقار میں بھی اضافہ ہو گا۔راجہ ظفر الحق نے کہا کہ موجودہ حالات کے باعث پاک چین اقتصادی راہداری پر بھی حرف آ رہا تھا تاہم سپریم کورٹ کی جانب سے کمشن کے قیام کے عندیہ کے بعد صورتحال بہتر ہو گئی۔ انہوں نے مزید کہا کہ تمام سیاسی جماعتوں کو سنجیدہ طرزعمل اپنانے کی ضرورت ہے، مسائل کا حل احتجاج اور دھرنوں میں نہیں اور پارلیمنٹ ان مسائل کے موثر حل کا بہترین فورم ہے۔
راجہ ظفرالحق

ای پیپر-دی نیشن