• news

ریاض : پاکستانی نے کروڑ پتی سعودی اہلیہ کی میراث سے حصہ مانگ لیا

ریاض(آن لائن)پاکستانی شہری نے وفات پانے والی اپنی کروڑ پتی کفیلہ سے شادی کے ثبوت پیش کرتے ہوئے اس کی شرعی میراث میں حصہ فراہم کرنے کا مطالبہ کردیا۔ عرب میڈیا کے مطابق پاکستانی ڈرائیور کی جانب سے سعودی عرب کی فیملی کورٹ میں دائردرخواست میں یہ موقف اختیار کیا ہے کہ اس نے اپنی کروڑ پتی کفیلہ کے ساتھ شادی کر رکھی تھی۔ مدعی نے کروڑ پتی کفیلہ سے شادی کی دستاویزات اور دیگر ثبوت پیش کرتے ہو ئے عدالت سے استدعا کی کہ اس کی کروڑ پتی اہلیہ جو اس کی کفیلہ بھی رہی ہے، کی وراثت سے حصہ دلوائے۔پاکستا نی ڈرائیوراور سعودی کروڑ پتی خاتون کے مبینہ شوہر کا کہنا ہے کہ اس نے کئی سال قبل سعودی عرب میں ایک دولت مند خاتون کے ہاں بطور ڈرائیور ملازمت شروع کی تھی۔ بعد ازاں دونوں رشتہ ازدواج میں منسلک ہوگئے۔ شادی ہونے کے کچھ عرصے بعد ان میں ناراضی ہوگئی تھی مگر بیوی کو طلاق نہیں ہوئی اور وہ اسی طرح فوت ہوگئی تھی۔خاتون کے اقارب کا کہنا ہے خاتون کو لاحق بیماری میں شدت کی ایک وجہ شوہر کی لاپرواہی بھی تھی جس کے نتیجے میں وہ جاں بر نہ ہوسکی۔ انہوں نے پاکستانی شہری پر خاتون کے قتل کا سبب بننے کا الزام عائد کرتے ہوئے اس کے خلاف عدالت میں جوابی دعویٰ دائر کرنے کا اعلان کیا ہے۔
وراثت حصہ

ای پیپر-دی نیشن