کراچی : قبرستان میں زیرزمین چھپائے گئے اسلحہ کی بڑی کھیپ برآمد‘ آپریشن چھ ملزم گرفتار
کراچی(آن لائن+آئی این پی)کراچی کے مختلف علاقوں میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے 6 ملزم گرفتار کر لیئے جبکہ رینجرز اور حساس ادارے نے سخی حسن قبرستان کو گھیرے میں لیکر کارروائی کی اور زیر زمین چھپایا گیا بڑی تعداد میں اسلحہ برآمد کر لیا گیا۔رینجرز نے 15 گاڑیوں کی مدد سے سخی حسن قبرستان کو گھیرے میں لیا۔ ذرائع کے مطابق حساس ادارے کے اہلکار بھی رینجرز کے ہمراہ تھے۔ کارروائی کے دوران قبرستان سے زیر زمین چھپایا گیا اسلحہ برآمد کر لیا گیا۔ ذرائع کا کہنا تھا کہ گرفتار ملزموں کی نشاندہی پر قبرستان میں کارروائی کی گئی۔ادھر سرجانی ٹاون اور جمشید کوارٹر میں پولیس نے سرچ آپریشن کیا۔ آپریشن کے دوران 4 ملزم گرفتار کر لئے گئے۔ ملزموں کے قبضے سے اسلحہ برآمدہوا۔ سولجر بازار پولیس نے کارروائی کے دوران 2 منشیات فروش گرفتار کر لیئے۔دوسری جانب ناظم آباد تھانے میں 3 روز قبل مجلس عزا پر فائرنگ کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ سرکار کی مدعیت میں درج مقدمے میں قتل، اقدام قتل کے علاوہ انسداد دہشت گردی کی دفعہ بھی شامل کی گئی ہے۔ ناظم آباد میں مجلس عزا پر فائرنگ سے 5 افراد جاںبحق ہو گئے تھے۔کرائم رپورٹر کے مطابق رینجرز نے ملیر میں کارروائی کرکے جرائم میں ملوث تین رکنی گروہ کو گرفتار اور ان کے قبضے سے اسلحہ اور لوٹا ہوا سامان برآمد کرلیا علاوہ ازیں سرسید ٹاﺅن کے علاقے میں سخی حسن چورنگی کے نزدیک مسلح افراد نے ایک شخص کو فائرنگ کرکے ہلاک کر دیا اور فرار ہو گیے مقتول اورنگی ٹاﺅن کے سیکٹر ساڑھے گیارہ میں رہتا تھا۔
کراچی