سی پیک منصوبہ سے پاکستان 17045میگا واٹ بجلی حاصل کریگا: ظفر احمد
لاہور (سٹاف رپورٹر) گورنمنٹ کالج ٹائون شپ لاہور میں ـ"پاکستان چین اقتصادی راہداری ایک گیم چینجرـ" کے موضوع پر ایک سیمینار کا انعقاد کیا گیا جس میں سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے سی پیک سٹڈی سینٹر کے کنوئینر پروفیسر ڈاکٹر ظفر احمد نے کہا کہ یہ ایک میگا پروجیکٹ ہے جس کو استعمال کرتے ہوئے چین دنیا تک جلد رسائی حاصل کر لے گا۔ اس منصوبے کے تحت چین پاکستان میں تاریخ کی سب سے بڑی سرمایہ کاری کرے گا۔ اس منصوبے میں 25% انفرا سٹرکچر اور 75% توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری کی جائے گی جس سے نہ صرف 17045میگا واٹ بجلی سسٹم میں آئیگی بلکہ بالواسطہ اور بلاواسطہ 40 سے 50 لاکھ نوکریاں پیدا ہو ں گی اورجی ڈی بی گروتھ ریٹ بھی بڑھے گا۔سیمینار کی مہمانِ خصوصی اور معروف کالم نگار طیبہ ضیا ء چیمہ نے اس بات پر زور دیا کہ یہ کوئی سیاسی نہیں بلکہ عوامی منصوبہ ہے جس کے بلاواسطہ ثمرات عوام تک پہنچیں گے۔ معروف صنعت کاراور کالم نگار محمدندیم بھٹی کا کہنا تھا کہ CPEC پاکستان اور پاکستانی عوام کی قسمت بدل دینے والا منصوبہ ہے یہ آپکی اور ہماری مشترکہ ذمہ داری ہے کہ اس پروجیکٹ کو کامیاب بنائیں۔ دیگر مہمانانِ گرامی میں کرنل (ر) سکندر سلطان گھمن اورمحمد لقمان شامل تھے۔