• news

گڈانی جہاز میں آگ بجھ گئی، شپ بریکنگ کی آڑ میں تیل سمگل ہونے کا انکشاف

کوئٹہ/ کراچی/ اسلام آباد (صباح نیوز+ سٹاف رپورٹر+ نوائے وقت رپورٹ) گڈانی شپ بریکنگ یارڈ پر سکریپ کے بحری جہاز میں لگی آگ چوتھے روز بجھا دی گئی، گرم ہونے کی وجہ سے جہاز کے اندر ریسکیو اور سرچ آپریشن شروع نہ ہوسکا۔ جبکہ گڈانی میں شپ بریکنگ کی آڑ میں بڑے پیمانے پر تیل سمگل کئے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔ ملک کو ٹیکس کی مد میں کئی ارب روپے نقصان پہنچایا جا رہا ہے۔ صورتحال کاجائزہ لینے کیلئے وزیراعلیٰ بلوچستان اور وفاقی وزیر برائے پورٹ اینڈ شپنگ نے جائے حادثہ کا دورہ کیا اور ممکنہ ذمہ داروں کے خلاف کارروائی سے آگاہ کیا۔ متاثرہ جہاز پرکولنگ کا عمل جاری ہے، تاہم 72 گھنٹوں سے لگی آگ کے باعث لوہے کی چادریں اتنی گرم ہیں وہاں فوری داخل ہونا ناممکن ہے۔ دوسری طرف وزیراعظم کی ہدایت پر تشکیل دی گئی تحقیقاتی کمیٹی نے سانحہ گڈانی کی چھان بین شروع کر دی ہے۔ وزارت دفاعی پیداوار کے مطابق جمعہ کے روز دفاعی پیداوار کے وفاقی وزیر رانا تنویر حسین کی قیادت میں کمیٹی نے کراچی شپ یارڈ کا دورہ کیا جبکہ کمیٹی کو مہران ائر بیس پر اس سانحہ کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ سانحہ کی چھان بین کیلئے تشکیل دی گئی کمیٹی کے سربراہ رانا تنویر حسین ہیں جبکہ سیکرٹری دفاع، سیکرٹری پورٹ اینڈ شپنگ، چیف سیکرٹری بلوچستان، سیکرٹری دفاع پیداوار اور ایم ڈی کراچی شپ یارڈ اینڈ انجینئرنگ ورکس کمیٹی کے ارکان ہیں۔ کمیٹی نے گڈانی کا بھی دورہ کیا جہاں یہ سانحہ ہوا۔ اس موقع پر رانا تنویر حسین نے کہا کہ کمیٹی پندرہ روز کے اندر رپورٹ دے گی اور اس کے واقعہ کے ذمہ داروں کے خلاف ایکشن لیا جائے گا۔ علاوہ ازیں گڈانی میں شپ بریکنگ کی آڑ میں بڑے پیمانے پر تیل سمگل کئے جانے کا انکشاف ہوا ہے ملک کو ٹیکس کی مد میں کئی ارب روپے نقصان پہنچایا جا رہا ہے۔ وزیر جہاز رانی حاصل بزنجو کا کہنا ہے کہ حادثے کا شکار بحری جہاز میں لبریکینٹ اور پٹرول تھا۔ چیئرمین پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن عبدالسمیع خان کا کہنا ہے کہ کسٹمز عملے کی ملی بھگت سے تیل کی سمگلنگ کی جاتی ہے۔ سرکاری اداروں کی ملی بھگت کے بغیر تیل لانا ممکن نہیں۔ علاوہ ازیں بلوچستان پولیس نے گڈانی شپ چیئرمین دیوان رضوان کو رہا کر دیا۔ جمعرات کے روز دیوان رضوان کو حراست میں لے لیا گیا تھا۔

ای پیپر-دی نیشن