شہدا کا خون معاف نہیں کرینگے، ردعمل حکمرانوں کی توقع سے بھیانک ہو گا: طاہر القادری
لاہور (خصوصی نامہ نگار) ڈاکٹر طاہر القادری نے گزشتہ روز مراکش سے عوامی تحریک کے وکلا ء سے سانحہ ماڈل ٹائون استغاثہ کیس اور جسٹس باقر علی نجفی جوڈیشل کمشن رپورٹ حاصل کرنے میں قانونی پیش رفت کے حوالے سے بریفنگ لی۔ انہوں نے اس موقع پر کہاکہ شریف برادران کے خلاف فیصلے نہیں آتے اس تاثر کو زائل کرنے کیلئے کوئی سنجیدہ کوشش بھی بروئے کار نہیں لائی گئی ۔انصاف کے بغیرجمہوریت تو کیا انسانیت بھی پروان نہیں چڑھ سکتی۔ 14 شہریوں کو قتل کئے جانے کے حکومتی دہشتگردی کے اس کیس کی باز گشت پوری دنیا میں سنی گئی مگر حکومت سمیت انصاف کے کسی ادارے نے اس انسانی المیے کو سنجیدگی سے نہیں لیا۔ ظلم اور ناانصافی پر عوامی ردعمل حکمرانوں کی توقع سے زیادہ بھیانک ہوگا، قصاص تحریک کا دوسرا رائونڈ باقی ہے ،قاتلون کو جانتے ہیں، 14 شہدا کا خون معاف نہیں ہو گا۔