اللہ آزمائش میں ثابت قدم رہنے والے کو نوازتا ہے، مسلمان متحد ہو کر کفر کے خلاف جہاد کریں : علما کرام
رائے ونڈ (نامہ نگار+ نیوز ایجنسیاں) مومن کی اصل زندگی بعد ازمرگ شروع ہوتی ہے جبکہ دنیا صرف اگلے جہان کی تیاری کیلئے ہے۔ دنیا فانی ہے اور اللہ تعالیٰ نے اسے ختم کرنے کیلئے قیامت کا دن مقرر کر رکھا ہے پھر اللہ تعالیٰ کی عدالت لگے گی جس میں دنیا میں گزارے ہوئے ایک ایک پل کا حساب دینا پڑے گا ،بہترین انسان وہ ہوگا جو قیامت کے دن اللہ کے حضور سرخرو ہوکر جنت میں جائے گا اور بدنصیب انسان وہ ہو گا جو ہمیشہ ہمیشہ کیلئے دوزخ کا ایندھن بن جائے گا، انسانوں کیلئے دنیا کو ہی مخصوص کیا گیا ہے کہ وہ یہاں رہتے ہوئے اپنے اعمال کے ذریعے اگلے جہان میں اپنے لئے جنت بنالے یا دوزخ خرید لے، تبلیغی اجتماع میں بعد از نماز فجر امیر مرکز حاجی عبدالوہاب نے مندوبین سے روح پرور خطاب کیا، جمعۃ المبارک کا خطبہ حضرت مولانا مفتی جمیل احمد نے ارشاد فرمایا بعد ازنماز جمعہ معروف عالم دین مولانا طارق جمیل نے توحید باری تعالیٰ کے عنوان پر مفصل خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے ساری کائنات اور مخلوقات پیدا کرکے ہر مخلوق خصوصاً انسانوں اور جنات کو اپنی واحدانیت کی طرف راغب کیا ہے اور یہ اللہ کا حق ہے کہ اس کی ذات مبارکہ کو ہی وحدہ لاشریک مانا جائے، بعد ازنماز عصر مولانا محمد یعقوب اور بعد ازنماز مغرب مولانا محمد احمد لاٹ جبکہ گزشتہ شب مولانا محمد ابراہیم آف انڈیا کا بیان ہوا تھا، علمائے کرام اور بزرگان دین نے اپنے اپنے بیانات میں فرمایا کہ زندگی برف کی مانند ہے جس طرح انسان برف ضائع ہونے سے بچانے کیلئے پگھلنے سے پہلے اسے استعمال میں لانے کی کوشش کرتا ہے اسی طرح میرا رب بھی چاہتا ہے کہ زندگی ختم ہونے سے پہلے اسے کام میں لائیں۔ انہوں نے کہا کہ ہر مسلمان اپنے آپ کو کامل مسلمان بنائے، برائیوں سے توبہ کرکے اپنے آپ کو نیکیوں کی طرف راغب کرے۔ مولانا طارق جمیل، مولانایعقوب، مولانا احمد لاٹ، امیر جماعت حاجی عبدالوہاب نے کہا کہ دینی دعوت کی فکر اور تڑپ کو ہر کلمہ گو مسلمان کے دل میں پیدا کرنا،احیائے اسلام کیلئے زندگی کا گزارانا ،اکرام مسلم کی ترغیبات کو عام کرنا ہماری سوچوں کا محور ہونا چاہیے۔ بھلائی اور خیر کے معاملے کو عام کرنے کے لئے ہرامتی داعی بن جائے۔ نبی پاکﷺ نے ہرامتی کو سادگی کا حکم دیا اسراف اور فضول خرچی سے منع کیا حدیثوں میں آیا ہے کہ فضول خرچ شیطان کا دوست ہوتا ہے۔ نبی پاک ﷺ کی محنت کو اپنانا ہوگا ہم دعوت وتبلیغ، سوچیں گے ،سنیں گے اور رو رو کر اپنے ناراض رب سے گناہوں کی معافی مانگیں گے۔ مقررین نے مزید کہا کہ جب اللہ کسی کے ساتھ بھلائی کا ارادہ کرتاہے تو اسکو آزمائش کی بھٹیوں سے گزارتا ہے جو اس آزمائش کی گھڑی میں ثابت قدم رہتے ہیں اللہ ان پر اپنی نوازشات کی بارش کردیتا ہے، نماز جمعہ میں شرکاء کی تعداد چارلاکھ سے تجاوز کر گئی۔ جمعہ کی نماز مولانا محمد جمیل نے پڑھائی انہوں نے خطبہ میںکہا کہ مسلمانوں کو متحد ہو کر تبلیغ کے مشن کے ذریعے عالم کفر کے خلاف جہاد کرنا ہوگا پیار محبت اور امن کا پیغام ہی دوسروں کو ہماری جانب کھینچ سکتا ہے۔ نماز جمعہ کے بعد مولانا طارق جمیل نے شرکاء سے بیان کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالی کی رسی کو مضبوطی سے تھامے رکھو دنیا اور آخرت سنور جائیگی دنیا کی ہر چیز پر میرا اللہ بادشاہ قادر ہے ،پوری قائنات کا نظام بنانے والا میرا اللہ ہے ،اللہ تعالی ہماری شارغ کے قریب ہے اور دعوت و تبلیغ کے مشن کو زندگیوں میں شامل کرنے کی ضرورت پر زور دیادنیاوی زندگی کی کامیابیوں کے لئے اپنی اُ خر و ی زندگی کو تباہ نہ کریں۔ بعدازنماز عصر مولانا یعقوب او رنماز مغرب کے بعد مولانااحمد لاٹ نے خطاب کیا۔