• news

رائیونڈ تبلیغی اجتماع میں آج دعا ہو گی، آسمانی آفات سے بچنے کے لئے اللہ سے تعلق مضبوط بنانا ہو گا: علما

رائیونڈ (نامہ نگار) قرآن سنت سے روگردانی کرکے اُمت مسلمہ بے پناہ مشکلات اور مصائب کا شکار ہے، انسانوں کے بنائے نظام کامیابی کے ضامن نہیں جبکہ اللہ تعالیٰ کے دیئے ہوئے نظام (اسلام) میں دنیا اور آخرت کی کامیابیاں ہیں، اللہ تعالیٰ کی جانب سے نازل شدہ قرآن ایک مکمل ضابطہ حیات ہے اور نبی اکرمؐ کی سنت مبارکہ دنیا میں زندگی گزارنے کا بہترین طریقہ ہے، اللہ تعالیٰ نے جنوں اور انسانوں کو اپنی عبادت کیلئے تخلیق کیا ہے اور عبادات صرف نماز، روزے، زکوٰۃ اور حج عمرے کا نام نہیں‘ اسلام امن، محبت اور بھائی چارے کا دین ہے اور انسانوں کی بھلائی کادرس دیتا ہے، دین کی دعوت کیلئے جان و مال اور وقت قربان کرنے والے انسان باقی انسانوں سے اعلیٰ ہیں جنہیں اللہ تعالیٰ نے اپنے دین کی سربلندی کیلئے قبول کیا ہوا ہے اور وہ اپنا گھر بار چھوڑ کر لوگوں کو دین کی دعوت دے رہے ہیں ، دعوت و تبلیغ سے افضل کوئی کام نہیں،تبلیغی اجتماع کے پنڈال میں بعد ازنماز فجر مولانا عبدالرحمٰن کابیان ہوا،بعدازنماز ظہر مولانا محمد فاروق،بعدازنماز عصر مولانا محمد زبیر اور بعد ازنماز مغرب مولانا محمد ابراہیم آف انڈیا نے بیان کیا۔ انہوں نے کہا امت یہودوہنود کی سازشوں کا شکار ہوکر تفرقوں میں بٹ چکی ہے،ہمارے اعمال دین الٰہی کے مطابق نہیں رہے ،امت مسلمہ اللہ تعالیٰ پر انحصار کرنے کی بجائے اپنی مادیت پرست سوچ کو لے کر چل رہی ہے ، جس سے محسوس ہورہا ہے اللہ تعالیٰ ہم سے ناراض ہے اور کثرت کے ساتھ زلزلوں، دھند اور حادثات کی شکل میں ہم پر عذاب مسلط ہیں ،آسمانی آفات سے بچنے کیلئے امت مسلمہ کو اپنے رب سے تعلق کو مضبوط بنانا ہو گا جس کیلئے اپنے گناہوں سے اجتماعی توبہ کرکے اللہ کے نازل کردہ نظام کے مطابق زندگی گزارنے کا عہد کرنا ہوگا اور پھر قوی امید ہے کہ اللہ تعالیٰ اپنے عذابوں کو ٹال کر اپنی رحمتوں کا نزول جاری کردیں اور امت محمدیہ ؐ دنیا بھر میں اپنا کھویا ہوا اصل مقام دوبارہ حاصل کرلے،انہوں نے فرمایا کہ نماز پنجگانہ میرے نبی مکرم ﷺکی آنکھوں کی ٹھنڈک ہے ،نماز بھائی چارے اور بھلائی کا درس دیتی ہے ،نماز آپس میں نفرتوں اور رنجشوں کے خاتمے کا سبب بنتی ہے ،نماز بے حیائی اور برائی کے کاموں سے روکتی ہے مگر امت مسلمہ نمازوں میں کوتاہی برت رہی ہے ، حالانکہ مرنے کے بعد سب سے پہلے نمازوں کا سوال کیا جائے گااور نبی اکرم ﷺنے نماز کوہی کفر اور اسلام میں فرق قرار دیا ہے ،انہوں نے کہا کہ امت محمدیہ ؐ ذلت وخواری کی زندگی سے نکلنے کے لئے اللہ تعالیٰ کے احکامات اور امام الانبیاء حضرت محمد رسول اللہ ﷺ کے اسوہ حسنہ کے مطابق اپنی زندگیوں کو ڈھال کر دین الٰہی کی دعوت کو ہر انسان تک پہنچانے کیلئے کمربستہ ہوں ،اجتماع کے آخری روز آج بروز اتوار فجر کی نماز کے بعد مندوبین کو ہدایات دی جائیں گی امید کی جارہی ہے بعدازنماز اشراک تبلیغی جماعت کے مرکزی امیر حاجی عبدالوہاب اجتماعی دعا کرائیں گے ۔

ای پیپر-دی نیشن