اسلام آباد:وزیراعظم کو نااہل ہوتا‘ پیپلز پارٹی کو عدالت میں آتا دیکھ رہا ہوں: شیخ رشید، آج 66 ویں سالگرہ منائینگے
اسلام آباد (صباح نیوز+ نیٹ نیوز) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ پانامہ کیس میں وہ وزیراعظم کو نااہل ہوتا اور پیپلز پارٹی کو بھی عدالت میں اپوزیشن جماعتوں میں شامل ہوتا دیکھ رہے ہیں۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید احمد نے کہا کہ عدالت کو دو تین دن میں جتنا دیکھا وہ آئین اور قانون کے مطابق فیصلہ دیتے دکھائی دے رہی ہے۔ اس صورتحال کو بھانپتے ہوئے شاید پیپلز پارٹی بھی حکومت مخالف جماعتوں کے ساتھ شامل ہوجائے۔ کیپٹن (ر) صفدر کے بیان میں مریم نواز کی بیرون ملک کمپنیوں کی تردید سے متعلق سوال کے جواب میں شیخ رشید کا کہنا تھا کہ یقیناً کوئی حکمت عملی ہوگی، پتہ نہیں مریم نواز بھی ملک چھوڑ چکی ہوں گی یا ممکن ہو کہ یہیں ہوں لیکن میرے خیال میں وہ پاکستان میں نہیں۔ ایک بات واضح ہے کہ 2013ء کے گوشواروں میں وزیراعظم نے لکھ کردیا تھا کہ بیٹی ان کی زیرکفالت ہے، شاید 2 کروڑ کی زمین اسکی ہے۔ یوسف رضا گیلانی کا کیس سب کے سامنے ہے۔ اثاثے چھپانے کے الزام میں 12 لوگ نااہل ہوئے ہیں۔ ایک خاتون صرف اس وجہ سے نااہل ہوئی کہ اس نے شوہر کے پٹرول پمپ کی آمدن نہیں بتائی۔ دوسری طرف عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد آج اپنی66 ویں سالگرہ منائیں گے۔ شیخ رشید احمد 6 نومبر 1950ء کو راولپنڈی میں پیدا ہوئے تھے۔ عوامی مسلم لیگ کے سربراہ (ق) لیگ کی حکومت میں وزیر ریلوے کے طور پر بھی اپنی خدمات سرانجام دے چکے ہیں۔ (ق) لیگ سے علیحدگی کے بعد انہوں نے اپنی پارٹی بنائی جس کا نام عوامی مسلم لیگ رکھا۔شیخ رشید نے کہا کہ وزیراعظم نوازشریف آئندہ 15 دن میں اپنے عہدے سے مستعفی ہو تے نظر آرہے ہیں۔ تحریک انصاف اور عوامی تحریک میں صلح کرا دی ہے۔ مجھے اس بات کی خوشی ہے کہ دو پرانے دوست معمولی تنازعہ کے بعد پھر سے ایک ہوگئے ہیں۔ مسلم لیگ (ن) اپوزیشن کی کمزوریوں سے فائدہ اٹھانے کی کوشش کرتی ہے جسے ناکام بنانا ضروری تھا۔ سیاست میں کوئی بھی ہمیشہ دوست یا دشمن نہیںہوتا۔