• news

اشتہاری یوری گرفتار، بیرون ملک مفرور انٹرپول کے ذریعے واپس لائے جائیں: پنجاب بھر کی انسداد دہشتگردی عدالتوں کے ججز کا اجلاس

لاہور (وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ میں پنجاب بھر کی انسداد دہشت گردی کی عدالتوں کے ججز کے اجلاس میں جسٹس عبدالسمیع خان نے عدالتی اشتہاریوں کی گرفتاریوں کو یقینی بنانے کی ہدائت کردی۔ انسداد دہشت گردی عدالتوں کے انتظامی جج جسٹس عبدالسمیع خان کی صدارت میں دہشت گردی عدالتوں کے ججز کے اجلاس میں ججز، ایڈیشنل سیکرٹری قانون، پراسیکیوٹر جنرل، صوبہ بھر کے آر پی اوز نے شرکت کی۔جسٹس عبدالسمیع خان نے پولیس کی جانب سے پیش کی گئی رپورٹ مسترد کر دی۔ اجلاس میں مذہبی بنیادوں پر نظر بندیوں، جیلوں میں موبائل فون کے استعمال پر پابندی، اشتہاریوں کی گرفتاریوں اور زیرالتوا مقدمات کو جلد نمٹنے کے امور پر بھی غوروخوض کیا گیا۔ مسٹرجسٹس عبدالسمیع خان نے اشتہاریوں کی فوری گرفتاری، بیرون ملک مفرور اشتہاریوں کو انٹرپول کے ذریعے وطن واپس لانے اور پنجاب بھر کی جیلوں میں جیمر لگانے کے احکامات صادر کردئیے۔ اجلاس میں دہشت گردی عدالتوں کی سکیورٹی کا فول پروف بنانے، زیرالتوا مقدمات کے چالان بروقت بھجوانے اور مقدمات روزانہ کی بنیاد پر نمٹانے کے حوالے سے دہشت گردی عدالتوں کی کارکردگی کا بھی جائزہ لیا گیا۔

ای پیپر-دی نیشن