4 مطالبات پر پیپلزپارٹی کے ساتھ ہیں: شاہ محمود، بلاول شادی کر لیں عمران کے مشورے سے بچیں: وزرا
لاہور+ فیصل آباد + کراچی (نمائندہ خصوصی+ سٹاف رپورٹر+ خصوصی رپورٹر+ نیوز ایجنسیاں) وزیرمملکت برائے پانی و بجلی چوہدری عابد شیرعلی نے فیصل آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بلاول کو اب شادی کر لینی چاہیے، کیونکہ ہر کامیاب مرد کے پیچھے ایک عورت کا ہاتھ ہوتا ہے تاہم وہ اپنے چچا عمران کے مشورے پر نہ لگیں اور مطلقہ عورت سے پرہیز کریں۔ انہوں نے کہا کہ شیخ رشید سب سے بڑا ڈاکو اور وزیراعلیٰ خیبر پی کے پاکستان اور کے پی کے کے لئے سیکورٹی رسک ہیں۔ پرویز خٹک نے سلطان راہی کی نقل کرتے ہوئے انتہائی گھٹیا زبان استعمال کر کے مسلح جھتے کے ہمراہ وفاق پر حملہ کی کوشش کی ہے انہیں اس کا جواب دینا ہو گا۔ شیخ رشید مشرف کے لے پالک بچے ہیں۔ سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ (ن) لیگ میں متبادل وزیر اعظم پر کوئی بات نہیں ہوئی‘ سپریم کورٹ میں پانامہ لیکس کا کیس ہے اس پر بحث نہیں کرنی چاہیے اب فیصلہ سپریم کورٹ نے کر نا ہے۔ بلاول بھٹو کی شادی کے متعلق بات پسند آئی اللہ ان کو صحت اور تندرستی دے۔ علاوہ ازیں وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے سندھ حکومت اور پیپلزپارٹی کی کارکردگی پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ 900ارب لگاکر بھی صوبہ کھنڈر نظر آئے تو دوسروں کے بجائے اپنا احتساب کرنا چاہیے ۔ پنجاب کے تمام شہروں کی حالت بدل رہی ہے تو سندھ میں کیوں نہیں بدل سکتی، کراچی کچرے کا ڈھیر بنا ہوا ہے۔ کراچی سرکلر ریلوے کراچی کی ضرورت ہے، میٹروٹرین اورمیٹروبس سب سے پہلے کراچی میں بننی چاہیے تھی،3 سال پہلے ریلوے کباڑ خانہ تھا، لیکن اب آہستہ آہستہ تبدیلی آرہی ہے، فاروق ستار کے نفرت انگیز بیان سے لاتعلقی کے اظہار کو سراہتا ہوں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی میں ریلوے ملازمین کے لئے تعمیر کئے گئے فلیٹس کی افتتاحی تقریب سے خطاب اور میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ صوبائی وزیر تعلیم رانا مشہود احمد نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری ابھی بچے ہیں، ان کے بڑا ہونے میں وقت لگے گا، جب بڑے ہو جائیں تب ہی بڑوں کی باتیں کریں۔ وفاقی وزیر تجارت انجینئر خرم دستگیر خان نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ خیبر پی کے پرویز خٹک نے وفاق پر دھاوا بولا جو قابل مذمت ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران کی عادت ہے کہ وہ غیرضروری مسائل پر سیاست کرتے اور اپنے مخالفین پر بغیر ثبوت کے الزامات لگاتے ہیں۔ خصوصی رپورٹر کے مطابق سپیکر ایاز صادق نے بلاول شادی کے متعلق کہا کہ شادی بلاول بھٹو کا ذاتی معاملہ ہے وہ بہت خوش شکل انسان ہے انکے لڑکیوں کی کمی نہیں مسئلہ یہ ہے وہ کس لڑکی سے شادی کریں کس نہ کریں ان کا شادی کے لیے لڑکی کے انتخاب کی ذمہ داری اپنی بہنوں کو دینا خوش آئند ہے۔ بلاول کی بیوی بہت اچھی ہو گی لیکن اس کیلئے مشکلات ہوں گی کیونکہ سیاستدان اپنے گھر کو زیادہ وقت نہیں دے سکتے۔ علاوہ ازیں ایم کیوایم پاکستان کے رہنما رئوف صدیقی نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری کی شادی ان کا ذاتی معاملہ ہے لیکن میری خواہش ہے کہ وہ اپنی پسند اور محبت کی شادی کریں۔ دریں اثناء پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ اپوزیشن جماعتوں میں ورکنگ ریلیشن شپ ہونا کوئی عجیب بات نہیں، بلاول کے 4 مطالبات پر پیپلز پارٹی اور تحریک انصاف کا موقف ایک ہے۔ بلاول بیان پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے قریشی کا یہ بھی کہنا ہے کہ پانامہ پر سینیٹ میں اپوزیشن کا بل مشترکہ ہے، عمران خان کی نیت پر تو کوئی شک کرتا ہی نہیں، ان میں وہ تمام خصوصیات ہیں جو ایک پاکستانی لیڈر میں ہونی چاہئیں۔ شاہ محمود قریشی نے مزید کہا کہ عمران خان بیس سال سے کوئی کھیل نہیں کھیل رہے، ایک سیاسی جماعت کی بنیاد رکھی ہے، بلاول خوش قسمت ہیں کہ انہیں بنی بنائی جماعت ملی ہے۔ سعد رفیق کی تنقید پر مشیر اطلاعات سندھ مولا بخش چانڈیو نے کہا ہے کہ خواجہ سعد رفیق گندگی پر شہباز شریف کو لیکچر دیں سعد رفیق ریلوے کی حالت سدھاریں پھر سندھ کی فکر کریں۔ حکمرانوں کی نااہلی، آلودگی اور گندگی سے لاہور کے شہریوں کی زندگی اجیرن ہو گئی۔