ملکوال: محکمانہ انکوائری سے دلبرداشتہ پرائمری سکول کا ٹیچر دل کا دورہ پڑنے سے جاں بحق اساتذہ کا کل ضلع بھر میں ہڑتال کا اعلان
ملکوال (نامہ نگار) محکمانہ انکوائری سے دلبرداشتہ پرائمری سکول ٹیچر دل کا دورہ پڑنے سے جاں بحق ہوگیا جس پر پنجاب ٹیچرز یونین نے کل بروز پیر ضلع بھر میں مکمل ہڑٹال اور تالہ بندی کا اعلان کر دیا۔ بتایا گیا ہے کہ محمد اختر انکوائری کے باعث شدید ذہنی دباﺅ کا شکار تھا۔پنجاب ٹیچرز یونین کے انفارمیشن سیکرٹری محمد ارشد نے میڈیا کو بتایا کہ گورنمنٹ پرائمری سکول ساہنا کے ٹیچر محمد اختر گجر کو ڈی ای او ایلیمنٹری آفس نے طلبا کے ڈراپ آﺅٹ پر نوٹس جاری کر کے دفتر بلایا اور انکوائری کیلئے سارا دن بٹھائے رکھا اور نوکری سے برخواست کی دھمکی دی۔ جس پر محمد اختر شدید ذہنی دباﺅ کا شکار ہو گیا گزشتہ روز اسی کرب کے باعث اسے دل کا دورہ پڑا اسے ہسپتال لے جایا گیا لیکن جانبر نہ ہو سکا ۔ محمد اختر کو آبائی گاﺅں چک نمبر 4نوبہار میں سپردخاک کر دیا گیا۔ ٹیچر محمد اختر کی محکمانہ دھمکی کے باعث ہلاکت پر پنجاب ٹیچرز یونین کے ضلعی صدر محمد بشیر وڑائچ ، صوبائی صدر ڈاکٹر محمد نواز انجم، ضلعی نائب صدر راجہ ذوالفقار علی اور انفارمیشن سیکرٹری محمد ارشد نے شدید مذمت کی ہے۔
ٹیچر/جاں بحق